15 سے 18 سال کے طلبہ کورونا سے محفوظ رہنے کےلئے ویکسی نیشن کروائیں ،اے سی سبی ثناء مہ جبیں عمرانی

منگل 28 ستمبر 2021 14:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) اسسٹنٹ کمشنر سبی ثناء مہ جبیں عمرانی  نے کہا ہے کہ 15 سے 18 سال کے طلباء و طالبات کورونا سے محفوظ رہنے کےلئے  ویکسی نیشن کروائیں تاکہ اپنی و دیگر لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم  کرسکیں،  محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر سکول و کالج جا کر ویکسین لگائیں گی۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے اپنی زیر صدارت طلباء و طالبات کی  کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے اجلاس  خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون ، ڈی او ای راحت حمید، تمام بوائز اور گرلز سکولوں کے پرنسپل  اور  ہیڈ ماسٹر صاحبان  نے شرکت کی  ۔ ثناء مہ جبیں عمرانی  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے 15 سے 18 سال کے طلباء و طالبات کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی جو کہ ہر طرح سے محفوظ اور مہنگی ویکسین ہے  ،حکومت بلوچستان کی جانب سے  یہ ویکسین مفت میں کی جارہی ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل  اس مہلک وباء سے محفوظ رہ سکے  ۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ جن طلباء و طالبات نے ویکسی نیشن کے عمل میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تو ان سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات نہیں لیے جائیں گے اور نہ ہی ان کی رجسٹریشن بھیجی جائے گی ،اس لئے ہمیں ایک باشعور شہری ہونے کا ثبوت دے کر والدین اور بچوں میں شعور و آگاہی پیدا کر کے جلد ازجلد ویکسی نیشن کے عمل کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا، اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس جیسی وباء کا سامنا ہے مگر ہم آپ سب کے تعاون سے جلد ہی اس پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے  ۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسی نیشن  بارے  شعور و آگاہی پہچانے کےلئے ہرممکن کوشش کی جائے تاکہ وہ اس موذی وبا سے محفوظ رہنے کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر کورونا سے بچاؤکی ویکسین نہ صرف خود بلکہ اپنے گھر والوں کو بھی لگوائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں