پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کے غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،میر چنگیز خان جمالی

تبدیلی سرکار سیاسی مخالفین کی نیچا دکھانے میں مصروف ہے لیکن عوامی مسائل اور عوامی چیلنجز کے حل کیلئے کوئی موثر اور عملی اقدامات نہیں اٹھارہی ہے ،صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو فعال اور منظم بنانے کیلئے ورکرز کنونشن کاانعقاد کیا جارہاہے،پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدراوردیگر کا ضلع کوئٹہ کے ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 28 ستمبر 2021 23:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے پارٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاکردم لے گی ، تبدیلی سرکار سیاسی مخالفین کی نیچا دکھانے میں مصروف ہے لیکن عوامی مسائل اور عوامی چیلنجز کے حل کیلئے کوئی موثر اور عملی اقدامات نہیں اٹھارہی ہے ،صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو فعال اور منظم بنانے کیلئے ورکرز کنونشن کاانعقاد کیا جارہاہے جس میں کارکنوں کی رائے سے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایاجارہا ہے جس سے بلوچستان میں پارٹی مزیدفعال اور منظم ہوگی۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،نصیب اللہ شاہوانی،ولی وردگ،ظفر پیرزادہ،ثناء جتک،شہزادہ کاکڑ،ملک حمید کاکڑ،سرور سلیمانخیل،صوبدار جتک،امتیاز جتک،سفر زہری،صغیر کھرل،قاسم اچکزئی،شان ثاقب ابڑو، مصطفی کاکڑنے منگل کو ضلع کوئٹہ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ضلع کوئٹہ کے عہدیداروں کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا جس کے مطابق میر نصیب اللہ شاہوانی صدر ضلع کوئٹہ،ملک ولی محمد وردگ جنرل سیکرٹری اور ظفر اللہ پیرزادہ سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جس کے عہدیدار کارکنوں کی رائے سے منتخب کئے جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دوسری سیاسی جماعتوں سے منفرد مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پربلوچستان بھرمیں ورکرز کنونشن کا انعقاد شروع کردیا گیا ہے جس میں کارکنوں کی رائے سے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایاجارہا ہے جس سے پارٹی صوبے میں مزیدفعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیالے ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہیں جنہیں انکا جائز مقام ہر صورت دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں نے پارٹی کے قائدین کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات قائم کرکے انہیں اپنے موقف سے دستبردار کرانے کی کوشش کی لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیںملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کو جھوٹے مقدمات اور جیلوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا پارٹی قائدین نے پہلے بھی جھوٹے مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کیا تھا اور اب بھی کر رہے ہیں اورانشاء اللہ ان مقدمات میں سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی اورانشاء اللہ پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھرسے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے ضلع کوئٹہ کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کے پیغام کو گھر گھرپہنچائیں گے اور پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں