ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ،بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضے کیخلاف یو م سیاہ منایا گیا

جمعرات 28 اکتوبر 2021 00:22

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے مقبوضہ جموں کشمیر پر ناجائز قبضے کی مذمت کیلئے بلیک ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی زیر قیادت گورنر ہاؤس کوئٹہ سے ریلی کا اہتمام کیا گیا ضلعی محکموں کے آفیسران، طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی واک کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فورسز کے مقبوضہ جمو ں وکشمیر پر ناجائز قبضے کے خلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کا کہنا تھا کہ 27اکتوبر برصغیر کے مسلمانوں کے تاریخی تناظر میں ایک سیاہ دن ہے اس روز بھارتی افواج نے کشمیری بھائیوں کے بنیادی حقوق کے سا تھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 74سال سے اس ظلم و بربریت سے آزادی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں آج کے دن ہم کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور بھارتی افواج کے ناجائز قبضے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی پر غاصبانہ قبضہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی مسلسل خلاف ورزی، انسانی حقوق کی پامالی اور مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کی سلبی پر بھارت کا اصل چہرہ اقوام متحدہ اور عالمی برادی کو دکھانے کیلئے بلوچستان حکومت اور عوام پرعزم ہیں اور آزادی کی جنگ میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں واک کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور کشمیرکی آزادی کیلئے خصوصی دُعا بھی کی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں