مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں،صلہ رحمی کریں :مولانا محمد الیاس عطار قادری

صلہ رحمی ہی کسی کو آپ کے قریب لائے گی،صلہ رحمی واجب اور قطع رحمی حرام ہی: امیر اہل سنت

منگل 30 نومبر 2021 18:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں،صلہ رحمی کریں کیونکہ صلہ رحمی ہی کسی کو آپ کے قریب لائے گی،صلہ رحمی واجب اور قطع رحمی حرام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں دینی، اخلاقی و معاشرتی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ آج معاشرے میں معمولی باتوں پر ایک دوسرے سے فاصلے بڑھا دئیے جاتے ہیں،چھوٹی چھوٹی باتوں کو بنیاد بنا کر ایک ہی گھر کے کئی افراد سمیت خاندان کے خاندان آپس میں لڑ جاتے ہیں،افسوس شیطان نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا،جہاں دیکھیں آپس میں جھگڑے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں صلح میں پہل کرنا چاہئے،اگر کسی کے گھر صلح کرنے جائیں تو ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ کوئی دھکا مار کر نکال دے،لوگ اپنے گھر آئے افراد کو مان دیتے ہیں،دشمن کو بھی عزت دیتے ہیں۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ یہ بزرگان دین کا نسخہ ہے کہ جو ناراض ہویا جس شخص کو غصہ آیا ہو اس کو دعا دیں اس کا غصہ اور ناراضی ختم ہوجائے گی،آپ میٹھے بول بولیں اللہ نے چاہا صلح ہوجائے گی،آپ کوشش کریں نتیجہ اللہ کے کرم پر چھوڑ دیں۔ امیر اہل سنت نے اگر آپ حق پر ہیں اور آپ کے رشتہ دار قصور وار ہیں تب بھی آپ انہیں معاف کردیں اور خود جاکر صلح کرلیں،ورنہ ددل میں بغض وکینہ بھرا رہے گا اور دل میں دشمنی چھپی رہے گی۔

اگر چہ آپ کا دل صاف بھی ہے تب ان سے مل لیں اگر دل صاف نہ بھی ہوا تو میل جول سے دل صاف ہوجائے گا،صلہ رحمی سے دوجہانوں میں بیٹرا پار ہوگا،یادرکھیں جس کے دل میں بغض وکینہ ہوتا ہے شب برات کی عظیم رات بھی وہ بخشش سے محروم رہتا ہے۔جو اللہ کی رضا کیلئے عاجزی اختیار کرتا ہے اللہ پاک اس کو بلندی عطا فرماتا ہے، لہٰذاعاجزی نرمی اختیار کریں اور معاف کردیں،اگر شریعت کی حدود توڑیں گے تو گنہگار ہوجائیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں