آئین پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے ،سید ظہور احمد آغا

وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے ساتھ لیکر چلیں گے ، گورنر بلوچستان

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہفتہ کے روز کرسمس کی خوشیوں اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اقلیتی ونگ کے نئے عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، ایم این اے جئے پرکاش اور شنیلہ روت بھی موجود تھے۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ آئین پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے اور دنیا کے تمام مذاہب انسانیت کے علمبردار اور ظلم کے خلاف ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کی صلاحیتوں کو قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے سیالکوٹ میں پیش آنے والا حالیہ آفسوس ناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند عناصر کسی قومیت یا مذہب کی نمائندگی نہیں کرتے لہٰذا ہمیں مل کر معاشرے سے اس جنونیت اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے ہوں گئیں۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اقلیتی برادری کی جانب سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عام لوگوں کیلئے کھولنا وزیراعظم پاکستان عمران خان کی پالیسی کا حصہ ہے،ہمیں بلاامتیاز ملک و قوم کی خدمت کرنی ہیں۔

انہوں نے سیالکوٹ واقعہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے ہرنائی زلزلہ کے متاثرین بالخصوص مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سو خاندانوں کو راشن فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب کے شرکاء سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، ایم این اے جئے پرکاش اور شنیلہ روت نے بھی خطاب کیا. قبل ازیں مہمانانِ خصوصی نے کرسمس کی خوشیوں مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں