موجودہ حکومت کی خارجہ و داخلہ پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں،پیپلز پارٹی بلوچستان

بلوچستان میں نفرت کی سیاست کی وجہ سے 67سال سے یہاں کے لوگ درپدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،سردار سربلند جوگیزئی ودیگر رہنمائوں کا خطاب

اتوار 5 دسمبر 2021 20:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی خارجہ و داخلہ پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیںبلوچستان میں نفرت کی سیاست کی وجہ سے 67سال سے یہاں کے لوگ درپدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ انسانیت کا نعرہ لگایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج لوگ جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں،نیب صاف و شفاف احتساب کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کی ’’بی ‘‘ ٹیم بن چکی ہے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغاسراج درانی کی گرفتاری نیب اور عمران نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کوگرفتاریوں اور جیلوں سے ڈرایا اوردھمکایا نہیں جاسکتا۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ، سابق صوبائی وزیرنواب محمد خان شاہوانی ،پی پی پی ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی ، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،صوبیدار جتک، ثناء اللہ جتک ، اشفاق بلوچ، شاہجہان گجر ، ولی محمد وردگ ،ظفراللہ پیرزادہ ، ملک عبدالطیف ، میرکبیرقمر مینگل ،حبیب الرحمن اچکزئی،ڈاکٹر حضوربخش زہری ضلع خضدار کے صدر سجاد زیب،پیپلز یوتھ کے سیکرٹری اطلاعات سفر ندیم زہری اوراوردیگرنے اتوار کو پیپلز پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام حبیب الرحمن اچکزئی کی قیادت میں 300افراد کی مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین، صوبائی رہنما سردارزادہ عمران جتک، میر فیصل رحیم زہری،میر فقیر محمد زہری،ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات ظفر اللہ پیرزادہ ،ضلع قلات کے صدر ملک عصمت کیازئی، ضلع مستونگ کے صدر محمد قاسم علیزئی،علماء ونگ کے صدر مولوی جمال کاکڑ،پیپلز ایس ایف کے صدر اشفاق بلوچ، سیکرٹری اطلاعات میر بابل بنگلزئی،یوتھ کے رہنما امتیاز جتک بھی موجود تھے۔

اس سے قبل حبیب الرحمن اچکزئی نے اپنے ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر آصف علی زردا ری،صوبائی صدر میر چنگیزخان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگرقائدین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مقررین نے کہا کہ حبیب الرحمن اچکزئی اورانکے ساتھیوں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے صوبے میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو پارٹی نے بلا رنگ و نسل خواتین ،مزدوروں اور عوام کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی کو ہر دور میں ختم کرنے کی سازشیں ہوتی رہی ہیں پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کا خواب د یکھنے والے خود ختم ہوگئے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر دینے کے سنہرے خواب دکھائے اقتدار میں آنے کے بعد عمران نیازی نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کردیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے جس کا اعتراف پی ٹی آئی کے رہنما و گورنر بنجاب کا حالیہ بیان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلے ہی دن سے یہ کہا تھا کہ عمران نیازی آئی ایم ایف کے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں جو آج سچ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران نے مہنگائی کا 70سالہ ریکارڈ توڑ ڈیا ہے اور ایک مرتبہ پھر تبدیلی سرکار منی بجٹ لانے کی تیاریوں میں مصروف ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ صاف و شفا ف احتساب کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کی ’’ بی ‘‘ ٹیم کا کردارادا کررہا ہے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری نیب اور عمران نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں کو جیلوں اور گرفتاریوں سے ڈٰرایا نہیں جاسکتا پیپلزپارٹی کے قائدین نے پہلے بھی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا اور انشاء اللہ آئندہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کارکنوں پر زوردیا کہ وہ ووٹر لسٹوں میں اپنے اور خواتین کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں اور آنے والے انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں