کوئٹہ ،ہائوسنگ سکیموں کے نام پر فراڈ کا سلسلہ جاری

شہر میں بڑی تعداد میں پراپرٹی ڈیلرز نے بغیر لائسنس دفتر کھول لئے ،جعلی ہائوسنگ سکیموں کے نام پر شہریوں کے ساتھ لوٹ مار جاری

پیر 6 دسمبر 2021 16:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) کوئٹہ میں ہائوسنگ اسکیموں کے نام پر فراڈ کا سلسلہ جاری ، شہر میں بڑی تعداد میں پراپرٹی ڈیلرز نے بغیر لائسنس اپنے دفتر کھول رکھے ہیں جہاں جعلی ہائوسنگ اسکیموں کے نام پر شہریوں کے ساتھ لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے ،گرین بلوچستان نامی اسکیم کے مالکان اور ڈیولپرز شہریوں کے کروڑوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے گرین بلوچستان ہائوسنگ اسکیم نوحصار لائونچ کرنے والی کمپنی پرفیکٹ وے بلڈرز کے مالکان نصیب اللہ ، اسرار احمد ، طلحہ شکیل ، بلال درانی ، اور محمد مہتشم نے گزشتہ سال 2020 میں گرین بلوچستان نوحصار کے نام سے ہائوسنگ اسکیم لائونچ کی تھی دو سال گزرنے کے باوجود نہ انتقال دیا جا رہا ہے نہ ہی ہائوسنگ اسکیم کا کوئی نام و نشان ہے ، اسکیم کے مالکان دفتر بند کرنے کے بعد غائب ہو گئے ہیں ، متاثرین کی بڑی تعداد اپنی جمع پونجی کی واپسی کے لئے دفتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئی لیکن مالکان غائب ہو چکے ہیں ، مالکان نے گرین بلوچستان نوحصار کے ساتھ کوئٹہ گرین کے نام سے نئی اسکیم بھی شروع کی تھی جس میں کئی شہریوں کو چونا لگایا گیا ہے ، متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بلوچستان ہائوسنگ اسکیم کے مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کا لوٹا ہوا پیسہ واپس مل سکے انہوں نے نیب ایف آئی اے اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ جعلی ہائوسنگ اسکیموں کے تدارک کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں