پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بزرگ رہنماء ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ان کے آبائی گائوں میں سپرد خا ک کردیا گیا

منگل 7 دسمبر 2021 23:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بزرگ رہنماء ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ان کے آبائی گائوں میں سپرد خا ک کردیا گیا۔ نماز جنازہ کے اجتماع سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سردار عزیز اللہ کبزئی، بھتیجے عبدالقادر ناصر اور مولوی عبدالمنان نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ان کی قومی وطنی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اپنی ساری زندگی مظلوم اقوام وعوام کیلئے وقف کر رکھی تھی انہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے دیرینہ ساتھی کی حیثیت سے ساری زندگی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد میں گزاری اور وہ سائیں کمال خان شیرانی ، عبدالرحیم مندوخیل کے ساتھ پشتون قومی تحریک کی جاری جدوجہد میں شریک رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے قبائلی رنجشوںکے خاتمے میں نہایت ہی کلیدی کردار ادا کیا اور مارشلائی ادوار کے حکومتوں کے دوران انتہائی سخت اور کٹھن حالات میں بھی پارٹی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ سچ ،ا نصاف ، حق کی بات کرتے ہوئے ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ایک سچے ہمدرد کی حیثیت سے پشتونخوامیپ کے پلیٹ فارم سے تاریخی سیاسی جمہوری جدوجہد کی۔

آج مرحوم ملک حاجی سلطان محمد ناصر کی جنازہ میں مختلف صوبوں واضلاع سے ہر مکتبہ فکرکے عوام کی ہزاروں کی تعداد میں بلاتفریق شرکت کا مقصد مرحوم کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی اصولی زندگی پر مہر تصدیق ہے ۔ مزید برآں ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

تجہیز وتدفین کے مراسم میں پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، مرکزی سیکرٹری عبید اللہ جان بابت، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خا ن اچکزئی ، سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، فقیر خوشحال کاسی ، ضلع ژوب ، شیرانی ، قلعہ سیف اللہ ، لورالائی ، کوئٹہ ، پشین ودیگر اضلاع کے پارٹی کے ضلعی رہنمائوں وکارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی حاجی لاوٹ ناصر مسجد ناصر آباد محلہ ژوب میں جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں