پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی کال پر24جنوری کو کسان مارچ کے موقع پراحتجاجی مظاہروں کو یقینی بنائیں ،روزی خان کاکڑ

جمعہ 21 جنوری 2022 00:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑنے پیپلز پارٹی بلوچستان کے تمام ڈویژن صدور ،جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کال پر24جنوری کو اپنے اپنے اضلاع میں کسان مارچ کے موقع پراحتجاجی مظاہروں کو یقینی بنائیں جبکہ صوبائی سطح پر کچلاک مین چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں روزی خان کاکڑ نے کہا کہ ملک بھر میں کھاد کی منصوعی قلت اور مہنگائی کی وجہ سے کسان انتہائی پریشانی میں مبتلاہیں کھاد کی مصنوعی قلت کے باعث رواں سال گندم کی پیداوار میں بھی کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں کھاد کی قلت پیدا کرکے کھاد مافیا کو فائدہ پہنچایاجارہا ہے اور کسان کھادکے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 24جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ کا اعلان کررکھاہے اس سلسلے میں بلوچستان کے تمام ضلعی صدور،جنرل سیکرٹری اورونگز کے عہدیداران اورکارکن اپنے اپنے اضلاع میں کسان مارچ کے موقع پر مظاہروں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر کسان مارچ کے حوالے سے احتجاج 24جنوری کو صبح 11بجے کچلاک کے مین چوک پر ہوگا پارٹی اوراسکی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکن احتجاج میں بھر پور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں