میرعبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے ،سردارعبدالرحمن کھیتران

جمعرات 19 مئی 2022 23:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردارعبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے ،تحریک عدم اعتماد بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ،جام کمال نے جن ارکان اسمبلی پر بکتر بندگاڑی چڑھائی اورانکے بازو توڑے آج وہ ان سے تحریک عدم اعتماد میں کس منہ سے مدد مانگ رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں مضبوط اور مستحکم ہے وزیراعلیٰ کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہوگئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو بی اے پی اوردیگر اتحادیوں کی بھر پور حمایت حاصل ہے جام کمال خان نے جن ارکان اسمبلی پر بکتر بندگاڑی چڑھائی اورانکے بازو توڑے ان سے حکومت گرانے کیلئے کس منہ سے مدد مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں بی این پی اور جمعیت علماء اسلام نے واضح کردیا ہے کہ انکا تحریک عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ان سے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی مشاورت کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ رکن اسمبلی میر ظہور بلیدی نے صوبائی کابینہ سے اس لئے استعفیٰ دیاتھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اپوزیشن جماعتوں بی این پی اور جمعیت علماء اسلام کو فنڈز ریلیز کر رہے ہیں آج کس طرح ان سے تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی بات کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلدیاتی انتخابات میں پورے صوبے میں کلین سوئیپ کر رہی ہے جن کے نتائج پر اثر انداز ہونے اور آنے والے بجٹ میں اپنی من پسند اسکیمیں ڈالنے کیلئے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے عدم اعتماد کی تحریک لانے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں