کوئٹہ،ضلع شیرانی میں آگ بےقابو ،3 افراد جھلس کر جاں بحق، 7 زخمی

جمعہ 20 مئی 2022 15:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دانہ سر کےسلسلے میں جنگلات پر لگی آگ بے قابو ہوگئی ، آگ بجھانے کی کوشش میں 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے آگ بجھانے کیلئے10 کے قریب مقامی افراد بشمول لیویز اہلکار پہاڑوں پر گئے تھے تاہم آگ کے شعلے شدید ہونے کے باعث وہ وہاں پھنس گئے جن میں سے 7 کو زخمی حالت میں بچایا گیا تاہم 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

شیرانی کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلئے دسویں روز این ڈی ایم اے کا ایک ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں مدد کے لئے پہنچ گیا ہے تاہم فضائی آپریشن سے بھی آگ پرتاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے آگ کے پھیلاو کے باعث ضلع شیرانی کے علاقے شرغلئی میں بھی چلغوزے کے قدرتی جنگل میں آگ لگ گئی ہے جس سے زیتون اور چلغوزے کے قدرتی اور قیمتی درختوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قریبی علاقے میں ڈیم نہ ہونے کے باعث فضائی آپریشن کیلئے پانی کے حصول میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں اس سے قبل گزشتہ 9 روز سے دانہ سر کے پہاڑی سلسلے میں لگی اس آگ پر روایتی طریقے سے قابو پانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں تاہم یہ ا قدامات خاطر خواہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکے اور متاثرہ علاقے میں آگ بتدریج پھیل رہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں