صوبے کے 32 اضلاع میں انتخابات منعقد کرائے جائیں گے،چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی

جمعہ 27 مئی 2022 23:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پورے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 32 اضلاع میں انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔

پرامن، آزادانہ اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ اور سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکیورٹی ، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں مضبوط روابط قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

اور سیاسی قیادت اور انتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ اجلاس کو اے سی ایس داخلہ نے بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 5 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور لیویز کے اہلکار اور افسران تعینات ہونگے اور حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر ضرورت پڑنے پر پاک فوج کو بھی بلایا جاسکتا ہے اور 29 مئی بروز اتوار کو پولنگ 8 بجے سے 5 بجے تک ہوگی۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد ہاشم غلزئی، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی عمر شاہد، صوبائی الیکشن کمشنر فیاض حسن ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں