یاسین ملک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ تسلط کیخلاف آواز اٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے،چوہدری نعیم کریم

ہفتہ 28 مئی 2022 20:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے بھارتی عدالت کی جانب سے متنازعہ اور جھوٹے مقدمات میں کشمیری رہنما یاسین ملک کو دی جانے والی سزاکو غیر آئینی اور انسانی حقوق کے منافی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یاسین ملک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے، پاکستان کے عوام حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاقوام متحدہ سمیت عالمی انسانی حقوق کے ادارے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں ۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو نام نہاد بھارتی عدالت کی جانب سے دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جو کہ سراسر غلط فیصلہ ہے ہم اس کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی حریت رہنما یاسین ملک نے کشمیر کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ااور ان کی اہلیہ مشال ملک بھی ان کے شانہ بشانہ کشمیریوں کے حق کے لئے آواز اٹھاتی رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ وجابرانہ ہے کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا ہے اس لئے جموں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو بھارتی انتظامیہ کا گرفتارکر نا اور عدالتوں سے سزا دلوانے کا کوئی جواز و حق نہیںاس قسم کے بھارتی عدالتی فیصلوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماوں کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنانے کے لیے عدلیہ کا استعمال کیا بھارت اپنی عدالتوں کا استعمال کرکے کشمیری رہنماوں کو اپنی جائز جدوجہدسے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کر سکتاانہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کوبھارتی مظالم سے بچانے کے لئے ان کی رہائی میں کردار ادا کرے کشمیر ی حریت پسندوں کو قیدو بند میں ڈالنے سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہدکو مزید تقویت ملے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں