حکومت بلوچستان نے سیلاب ریلیف اور بحالی فنڈ مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی

بدھ 17 اگست 2022 22:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) محکمہ خزانہ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجاز حکام کی پیشگی منظوری سے حکومت بلوچستان نے سیلاب ریلیف اور بحالی فنڈ مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔کمیٹی کے چیئرپرسن ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ہونگے جبکہ کمیٹی کے اراکین میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری مواصلات، سیکرٹری زراعت،سیکریٹری لائیو سٹاک،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ محکمہ خزانہ ہوں گے۔

مذکورہ کمیٹی درج ذیل ٹی او آرز پر کام کریگی جن میں متاثرین کو ریلیف اور بحالی امداد کی فراہمی،متاثرین کے تباہ شدہ مکانات کی بحالی زخمیوں اور ہلاکتوں کے لئے شہریوں/ مقامی افراد کی مدد،متعلقہ محکموں/ ایجنسیوں سے تجاویز وصول کرنا اور ریلیف کے لئے اہلیت کی میرٹ پر ہر تجویز کی جانچ کرنا، وزیراعلیٰ کی منظوری سے ایک سمری تیار کرنا جس میں مختصر ریمارکس کے ساتھ ریلیف کی فراہمی کی وجوہات اور ضرورت کے مطابق پیشگی ادائیگیاں تجویز کرنا،موصول ہونے والی منظوریوں کے مطابق نامزد بینک اکاؤنٹ سے مجاز دستخط کنندگان کو ادائیگی ،ادائیگیوں پر مناسب مالیاتی کنٹرول قائم کرنے کے لیے متعلقہ محکموں/ ایجنسیوں کو واضح ہدایات جاری کرنا اور اخراجات میں مالی استحکام کا مشاہدہ کرنا اور کھاتوں کو بیرونی یہ اندرونی آڈٹ کے تابع کرنا، ادائیگیوں کے نقل سے بچنے اور فنڈ کی نگرانی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فنڈز وصول کنندگان کی مختلف تفصیلات کا ڈیٹا بیس برقرار رکھنا، کم ازکم 2/3 ارکان کے کورم کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنا، اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نیشنل بینک آف پاکستان سول سیکرٹریٹ برانچ کوئٹہ کے ساتھ مشترکہ طور پر گورنمنٹ آف بلوچستان "فلڈ ریلیف اینڈ ریہیبلیٹیشن فنڈ"کے نام سے ایک نامزد آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھولے گا ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ایڈیشنل سیکریٹری بجٹ محکمہ خزانہ کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کھاتوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ محکمہ خزانہ کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ پی ڈی ایم اے اور محکموں/ایجنسیوں کے اکاؤنٹس کی کسی بھی معلومات کے لیے کال کرنے یا وصول شدہ فنڈ کے میں دستیاب فنڈز اور اخراجات کی جانچ پڑتال کرے گا کوئی بھی محکمہ/ ایجنسی فنڈز کی وصولی میں کوئی رقم یا ریلیف اور بحالی کی وجہ سے کوئی ذمہ داری عائد نہیں کرے گا جب تک کہ مذکورہ بالا فنڈ مجاز اتھارٹی سے منظور نہ ہو یا فنڈ اصل میں موصول ہو۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں