وفاقی حکومت نے مالی بحران کی قومی صورتحال میں مناسب اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے ، شیخ جعفر خان مندوخیل

جمعہ 9 جون 2023 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے وفاقی بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے قومی معاشی و اقتصادی پلان اور مفاد عامہ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مالی بحران کی قومی صورتحال میں مناسب اور متوازن بجٹ پیش کیا ،گزشتہ حکومت کی کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور بھاری شرح سود پر بے تحاشہ ملکی و غیر ملکی قرضوں کے باعث قومی معیشت سکتے میں آگئی تھی جس کی بہتری کے لئے موجودہ حکومت نے مضبوط و پائیدار بنیادوں پر معاشی اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے ،حالیہ بجٹ بہت ہی مشکل مالی حالات میں تشکیل دیا گیا ہے ، مایوس کن معاشی حالات میں متوازن بجٹ کی تشکیل شہباز شریف حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دیرپا معاشی اصلاحات کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں ، ملک کو بروقت میاں شہباز شریف کی مخلصانہ قیادت میسر نہ آتی تو پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ ہوجاتا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے غیر معمولی فنڈز اور ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں ،مالی مشکلات کے باوجود وفاقی بجٹ میں بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل رہی ،معاشی و اقصادی ترقی کے لئے وفاق اور بلوچستان حکومت کا اشتراکی ایجنڈا پائیدار ترقی کی ضمانت ہے ۔

وفاقی ترقیاتی پروگرام حقیقی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا جبکہ قومی اقتصادی پلان پسماندگی کے خاتمے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا ، ٹارگٹڈ سبسڈیز سے غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی اصلاحات کے ذریعے جی ڈی پی کا مقررہ ہدف بتدریج حاصل کر لیا جائے گا ، قوی امید ہے کہ معاشی صورتحال میں وقت کے ساتھ نمایاں بہتری ہوگی اور مہنگائی میں بتدریج کمی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی قیادت اتحادی جماعتوں سے ملکر پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں کامیاب رہے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں