ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ/ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقت کی زیر صدارت اجلاس ، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 9 ستمبر 2024 22:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ/ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقت کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ، مستحکم ٹیکس کلیکشن، سروسز کی فراہمی، آمدنی اور اخراجات میں توازن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین بی آر اے نور الحق بلوچ کے علاوہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کےٹیکسیشن آفیسر ،اے او ریگولیشن،اے آئی او، لا آفیسر اور اکاؤنٹس افیسر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے کے لیے ٹیکسیشن کے نظام کو وسعت دینے، نئے ٹیکس دہندگان کی تفصیلات، مکمل ٹیکس ڈیٹا مرتب کرنے، جوائنٹ سروے، آمدنی اور اخراجات میں توازن اور ٹیکس کی وصولی کے نظام کو منظم کر کے اس کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی آر اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو کہ کوئٹہ میں جوائنٹ سروے کر کے ایک ماہ کے اندر اندر اپنی رپورٹ جمع کراے گی تاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے مکمل ڈیٹا مرتب ہو اور ایک میکنزم کے تحت ٹیکس وصولی کی جا سکیں۔

پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے اربن کونسل ٹیکس کی قانون سازی اور نفاذ کے بعد ٹیکس کلیکشن میں تیزی آئے گی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ کی بہتری اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے آمدنی میں اضافہ ضروری ہے اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے گا تاکہ آمدنی اور اخراجات میں توازن قائم ہو سکے اس کے علاوہ تمام پراپرٹی اور کاروبار کو منظم طریقے سے ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے تاکہ میٹروپولیٹن کی آمدنی میں بہتری آئے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کا جوائنٹ سروے مکمل ہونے پر ہمارے پاس تمام ریکارڈز موجود ہوں گے جس سے ہمیں منظم طور پر ٹیکس جمع کرنے میں آسانی ہوگی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کے لیے ایسے اقدامات اور پالیسی مرتب کرنے ہوں گے تاکہ مستقبل میں فنڈز کے لیے حکومت پر انحصار کو کم کر کے اپنی اخراجات خود چلا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تمام جائیداد کے کرایوں کا ازسر نو جائزہ لے کر نئے ریٹس مرتب کیے جارہے ہیں جس سے آمدنی میں اضافہ متوقع ہے اور تنخواہ اور فنڈز کے مسئلے سے بھی چھٹکارا حاصل ہوگا انہوں نے ٹیکس ریکوری کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے ٹیکس کی وصولی میں اضافے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدنی کا انحصار پراپرٹیز کے ٹیکس پر ہے۔ اجلاس میں پراپرٹیز سے ٹیکس کی وصولی اور ٹیکس نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور لائے گئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں