صلاح الدین قتل کیس میں وکیل کیس سے دستبردار ہو گئے

بشارت ہندل ایڈووکیٹ نے علاقہ مجسٹریٹ ملک محمد رفیق کی عدالت میں پیش ہو کر اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 ستمبر 2019 14:57

صلاح الدین قتل کیس میں وکیل کیس سے دستبردار ہو گئے
رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2019ء) : پولیس حراست میں مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والے شہری صلاح الدین کی ہلاکت کیس سے صلاح الدین کے والد محمد افضال کے وکیل دستبردار ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بشارت ہندل ایڈووکیٹ نے علاقہ مجسٹریٹ ملک محمد رفیق کی عدالت میں پیش ہو کر اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا۔ وکیل بشارت ہندل نے کہا کہ صلاح الدین کو مظلوم سمجھ کر میں ان کے والد کا وکیل بنا لیکن صلاح الدین کے ورثاء اس کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صلاح الدین کیس کی اعلیٰ سطی انکوائری کروائی جارہی ہے، اس کے باوجود صلاح الدین کے ورثاء عدم اطمینان کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیس کا رخ کسی اور جانب موڑنا چاہتے ہیں۔ وکیل بشارت ہندل ایڈووکیٹ نے کہا کہ صلاح الدین ورثاء کی جانب سے قائم مقام ڈی پی او حبیب اللہ خان کو کیس میں ملوث کرنے کی کوشش نا انصافی اور بے گناہ آفیسر پر جھوٹا الزام ہے، اس لیے میں نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 7 ستمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے قیدی صلاح الدین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سردار عثمان بزدار نے داد رسی کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صلاح الدین کے والد اور دیگر اہل خانہ کے مطالبے پر کیس کی انکوائری ڈی آئی جی کے عہدے کے افسر سے کروانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

پولیس نے صلاح الدین کو اے ٹی ایم توڑنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو 31 اگست کی شب پولیس حراست میں دم توڑ گیا تھا جس کے بعد صلاح الدین کی پولیس حراست میں موت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔صلاح الدین کی پولیس حراست میں ہلاکت کے معاملے پر جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔ واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے نوٹس بھی لیا تھا۔ مقدمہ میں گرفتار تینوں پولیس افسران نے عدالت سے 13 ستمبر تک عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔ صلاح الدین کے والد نے حال ہی میں صلاح الدین کی قبر کُشائی کی درخواست بھی دی تھی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں