رحیم یار خان،ضلع میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، سی ای او ڈی ایچ اے

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی رحیم یار خان ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا نے اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات بارے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ ضلع رحیم یار خان ڈینگی فری ضلع ہے تاحال ضلع میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔رواں سال شیخ زید ہسپتال سمیت تحصیل ہسپتالوں میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہ12مریض لائے گئے اور تمام مریض لاہور، راولپنڈی، کراچی سمیت دیگر شہروں میں روزگار کے سلسلہ میں رہائش پذیر تھے اور ان اضلاع سے اس وائرس کا شکار ہو کر اپنے آبائی علاقہ ضلع رحیم یار خان علاج کے غرض سے آئے اور الحمداللہ تمام 12مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاہم حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی ہدایت پر محکمہ صحت سمیت تمام تعاون کرنے والے ادارے انسداد ڈینگی کے حوالہ سے الرٹ او رمتحرک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی مچھر کے حوالہ سے آگہی و شعور اجا گر کرنے کے لئے 212ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 287ٹیمیں ان ڈور سرویلنس،76سی ٹی سی سپروائزر،47سنٹری انسپکٹرز آ?ٹ ڈور سرویلنس پر معمور ہیں۔

ضلع میں ہاٹ سپاٹ جہا ں پر ڈینگی لاروے کی افزائش کا خدشہ ہوتا ہے 1867تھے جس کا دوبار سروے کرواکر 1906کیا گیا ہے اور ہفتہ میں ایک بار متعلقہ ٹیم ہاٹ سپاٹ کا وزٹ لازمی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرگ کا جدید میکنزم ہے جبکہ ہر ٹیم کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون ہیں جس کی مدد سے وہ ہر وزٹ کی پہلے اور بعد کی تصاویر مطلوبہ ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرتے ہیں جس سے ضلع و صوبہ کی سطح پر ٹیموں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل روزانہ کی بنیاد پر انسداد ڈینگی کارروائیوں کی براہ راست مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ ہفتہ وار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس بلا کر تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی آگہی کے لئے میڈیا کو موثر کردار ہے جسے فراموش نہیںکیا جا سکتا اور میڈیا کے توسط سے عوام کو آگاہ کرنا ہے کہ ڈینگی سے خوفزدہ نہیں ہونا بلکہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ڈینگی جیسے مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شیخ زید ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں بھی ڈینگی کے حوالہ سے خصوصی کائونٹرز، وارڈز اور سٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں