صلاح الدین کے والد نے رحیم یار خان پولیس کو معاف کر دیا

مقتول صلاح الدین کے والد کے 3 میں سے 2 مطالبات تسلیم کر لیے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 اکتوبر 2019 16:41

صلاح الدین کے والد نے رحیم یار خان پولیس کو معاف کر دیا
رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2019ء) : پولیس کی حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے والد نے رحیم یار خان پولیس کو معاف کر دیا۔تفصیلات کے مطابق مقتول صلاح الدین کے والدکے 3 میں سے 2 مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔2 مطالبات میں گاؤں کی سڑک اور سوئی گیس کی فوری فراہمی شامل ہے۔کچھ عرصہ قبل صلاح الدین کے والد نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات میں یہ مطالبات کیے تھے۔

گذشہ ماہ گورنرپنجاب چوہدری سرور کامونکی میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے گھر گئے۔ چوہدری سرورنے صلاح الدین کے والد سے اظہارتعزیت کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ والد نے صلاح الدین کے نام پرگاؤں میں ٹیکنیکل اسکول بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صلاح الدین کے والد نے گاؤں کیلئے سڑک اور سوئی گیس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

لواحقین کے تمام مطالبات وزیراعظم عمران خان تک پہنچاؤں گا۔خیال رہے پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے ورثا نے پوسٹ مارٹم رپورٹ ماننے سے انکار کیا تھا،جس کے بعد صلاح الدین کے والد نے عدالت میں بیٹے کی قبر کشائی کروانے اور پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے صلاح الدین کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت دے دی تھی۔

صلاح الدین کے والد نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ صلاح الدین کی قبر کشائی کروا کے صوبائی میڈیکل بورڈ سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیا جائے۔جب کہ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صلاح الدین کیس میں قائمقام ڈی پی او رحیم یار خان حبیب اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔ پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے گھر والوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ذہنی طور پر معذور تھا۔ اسے پولیس کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں