کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں پنجاب میں دوسری ہلاکت

سعودی عرب سےواپس آنے والی 65سالہ خاتون رحیم یار خان میں کورنا کیخلاف جنگ لڑتے جان کی بازی ہار گئی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 28 مارچ 2020 15:56

کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں پنجاب میں دوسری ہلاکت
رحیم یار خان (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 28 مارچ 2020ء ) پنجاب میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس کے باعث دوسری ہلاکت ، رحیم یار خان میں 65سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہو گئی ہے۔ متاثرہ خاتون کو سپرد خاک بھی کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں انتقال کرنے والی خاتون حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آئی تھی  جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

لواحقین نے الزام عائدکیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ دو بار لے کر ملتان بھیجا گیا تاہم ملتان پہنچنے تک اس کی معیاد ختم ہو گئی جس کے بعد وقت پر کورونا کی تشخیص نہ ہو سکی ۔ جبکہ خاتون کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ کو بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب نے کورونا وائرس کیسز نے سندھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث آج دوسری ہلاکت ہے اس سے قبل فیصل آبادمیں 22 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا تھا ۔

22سالہ شخص کو کچھ دن پہلے کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، پنجاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہو گئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خوداپنی ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فیصل آباد کا ایک نوجوان کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ کر جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ پنجا ب کے متاثرہ افراد کی تعداد 490بتائی گئی ۔

حکومت کی جانب سے اسے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ملک کےچاروں صوبوں میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا جس پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی تھی تا کہ لوگو ں کو ان کے گھروں سے نکلنے سے روکا جا سکے۔کورونا وائرس سے بچنے کا یہی ایک طریقہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے دور رہیں تا کہ یہ مزید نہ پھیلے۔ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں