کرونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹر ز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف خراج تحسین کے مستحق ہیں، ڈاکٹریاسمین راشد

بدھ 22 اپریل 2020 19:56

کرونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹر ز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف خراج تحسین کے مستحق ہیں، ڈاکٹریاسمین راشد
رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ کرونا کے متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹر ز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف خراج تحسین کے مستحق ہیں، قوم ان ہیرو ز کو سلام پیش کرتی ہے،مشکل کی اس گھڑی میں اپنی خدمات سرانجام دینے والوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں دن رات عوام کی خدمت کرنے میں کوشاں ہے، بارہ ہزارروہے مستحق افراد ملنے سے ان کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی،کرونا کی جنگ عوام سے ملکر جیتیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے انصاف ڈاکٹرزفورم کے صدرڈاکٹرشفقت کورائی، ڈاکٹرخلیل اسراراورڈاکٹرشاہدعلی سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب میں روزانہ تین ہزارکروناٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کی جلد تعدادبڑھاکرپانچ ہزارکردی جائے گی، صوبہ میں 6 کروناٹیسٹنگ لیبارٹریزفنکشنل ہوچکی ہیں اوربہت جلد دو مزید لیبارٹریز کام کرناشروع کردیں گی۔

انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کاکام مثالی ہے اورہم انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر شفقت خان کورائی نے ڈاکٹریاسمین راشدکودرپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا ، جس پر صوبائی وزیر نے فوری طور پر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں ڈاکٹرشفقت خان کورائی نے وفدکے ہمراہ ڈاکٹریاسمین راشدکوگلدستہ پیش کیااورسرائیکی اجرک بھی پہنائی۔اس موقع پرڈاکٹرخلیل اسرار اورڈاکٹرشاہد علی بھی موجود تھے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں