دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹ گئی‘ 19 لاشیں نکال لی گئیں

جاں بحق ہونے والی تمام خواتین ہیں‘ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 100 کے قریب افراد سوار تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 جولائی 2022 16:31

دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹ گئی‘ 19 لاشیں نکال لی گئیں
رحیم یار خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جولائی 2022ء ) صوبہ پنجاب میں رحیم یار خان کے قریب ماچھکا کے علاقہ میں دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹ گئی ، ڈوبنے والے 19 لاشیں نکال لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ماچھکا کے علاقہ میں دریائے سندھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں باراتیوں سے بھری کشتی دریائے سندھ میں الٹ گئی ، کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 100 کے قریب افراد سوار تھے ، حادثے کا شکار ہوکر ڈوبنے والوں میں سے 19 لاشیں نکال کی گئیں ، جاں بحق ہونے والی تمام خواتین ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق دریائے سندھ میں 100 کے قریب باراتیوں سے بھری کشتی سردار پور سے واپس آ رہی تھی کہ ماچھکا کے مقام پر الٹ گئی ، مقامی افراد نے فوری طور پر ڈوبنے والے 35 افراد کو زندہ بچا لیا جب کہ 19 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ، باقی ڈوبنے افراد کو نکالنے کے لیے اطلاع ملنے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں باراتیوں کی ویگن اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے ، یہ افسوسناک واقعہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں وڈھ کے مقام پر پیش آیا جہاں باراتیوں سے بھری ویگن اور ٹرالر میں ہونے والے تصادم کے باعث 7 افراد لقمہ اجل بن گئے اس حادثے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، حادثے کے فوری بعد لیویز حکام ، مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا۔

ادھر صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں پیش آئے افسوسناک حادثے میں بارات میں شامل 3 افراد جان کی بازی ہار گئے ، باراتیوں کی کار روڈ پر ٹرک سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں دلہے کے 3 دوست جان کی بازی ہار گئے ، یہ بارات جہلم سے سوہاوہ کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں دینہ جی ٹی روڈ پر یہ حادثہ پیش آیا، جس میں کار ٹرک سے جا ٹکرائی ، حادثے کا شکار ہونے والی کار میں دلہے کے 5 دوست سوار تھے، جن میں سے 3 کا موقع پر ہی انتقال ہو گیا جب کہ دو کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں