انسانی جانوں سے کھیلنے والی عطائی اور جعلی ادویات بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،سخت کارروائی کی جائے ،جمیل احمد جمیل

قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والے میڈیکل سٹور مالکان کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی عطائیت کے خاتمہ کیلئے بھر پور کردار ادا کرے ، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:04

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والی عطائی اور جعلی ادویات بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ان کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے جبکہ قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والے میڈیکل سٹور مالکان کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی عطائیت کے خاتمہ کے لئے بھر پور کردار ادا کرے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہی عطائیوں کے خلاف جاری مہم میں کامیابی کی ضامن ہے۔

عوام کو ٹی ایچ کیو، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ڈاکٹرز و میڈیکل سٹاف کی سو فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ اور عطائیوں کے خلاف جاری مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویڑنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد عباس سمیت تمام تحصیلوں کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ایم ایس تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال، رورل ہیلتھ سنٹرز ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ اسد اللہ اور ڈرگ انسپکٹرز موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ضلع بھر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے، بار بار پکڑے جانے والے میڈیکل سٹور سیل اور لائسنس منسوخ کر کے انہیں جیل بھجوایا جائے۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات یقینی بنائیں تاکہ مریض عطائیوں کے پاس جانے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز سے اپنا علاج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران، ڈرگ انسپکٹرز اور پولیس پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور عطائی ڈاکٹرز سمیت پریکٹس کرنے والے میڈیکل سٹوروں کے خلاف نتیجہ خیز کاروائیاں کی جائیں گی جس میں خفیہ ایجنسیوں کی معاونت بھی حاصل ہو گی۔

ڈویڑنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ٹی ایچ کیو سے لیکر بنیادی مراکز صحت تک اعلیٰ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جس پر کوئی وسمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک عطائیوں کے خلاف جاری مہم میں 175سیل جبکہ48مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ میں18کیسز پیش کئے گئے جس میں سے 5ڈرگ کورٹ ریفر۔3کو وارننگ اور دیگر کا موخر کر دیئے گئے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں