ریسکیو اینڈ ریلیف سے تعلق رکھنے والے تمام محکمے ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر الرٹ ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منگل 25 ستمبر 2018 23:45

رحیم یار خان۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)احسان علی جمالی نے کہا ہے کہ ریسکیو اینڈ ریلیف سے تعلق رکھنے والے تمام محکمے ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر الرٹ ہیں، ضلعی انتظامیہ دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے کے لئے تیار ہے تاہم ضلع رحیم یار خان میں گزرنے والے دریائے سندھ میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے اور تاحال و مستقبل میں بھی آنے والے پانی سے کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزراء کی زیر صدارت منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس میں ضلعی صورتحال بارے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات نے آپسی روابط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے پیشگی مشقیں مکمل کر لی ہیں جبکہ محکمہ انہار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاء میں پانی کی صورتحال بارے بروقت اپ ڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں علاقہ مکینوں کو بروقت آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ فوری ریلیف کا آغاز کیا جا سکے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حرا رضوان، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی،سی ای او ایجوکیشن ثناء اللہ سہرونی، ایس ای انہار سمیت محکمہ لائیو سٹاک،زراعت، سوشل ویلفیئر، ریسکیو1122و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں