ایڈز سے بچائو کیلئے معاشرے میں شعور اجاگر کرنا ہو گا،جمیل احمد جمیل

منگل 16 اکتوبر 2018 23:56

رحیم یار خان۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ ایڈز ایک موضی مرض ہے، اس سے بچائواور اس کی روک تھام کے لئے معاشرے میں شعور اجاگر کرنا ہو گا،اس کے لئے تمام ایسے محکموں کو متحرک کیا جائے گا جو فیلڈ میں کام کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایڈز کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر صفدر حسین وڑائچ، این جی اوز کے نمائندے چوہدری عبدالخالق شاکر،عبدالرب فاروقی، محکمہ تعلیم ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان سمیت ایڈز کے خلاف کام کرنے والی این جی اونئی زندگی کے انٹر ڈسٹرکٹ منیجر عاطف حبیب ، سائیٹ منیجر منظور احمد سمیت دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ایڈز کونسل کو فعال کیا جائے گا اور عوامی آگہی کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر دیگر این جی اوز کو بھی متحرک کرے جبکہ نشہ کی روک تھام کے لئے پولیس بھی اپنا فعال کرد ار ادا کرے ۔

نئی زندگی کے انٹر ڈسٹرکٹ منیجر عاطف حبیب اور منظور احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی زندگی پاکستان کی34اور پنجاب کے 16ضلاع میں انجکشن سے نشہ کرنے والے افراد جو ایڈز سے متاثر ہیں ان کی رجسٹریشن اور انہیںادویات فراہمی کاکام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوری2018ء سے ستمبر 2018ء کے سروے کے دوران ضلع بھر سی85افراد کو رجسٹرڈ کیاگیا اور سکریننگ کے دوران 31افراد میں ایچ آئی وی پازیٹیو آیا۔

انہوں نے کہا کہ نئی زندگی اب پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ساتھ مل کرکام کر رہی ہے اور متاثرہ افراد کو شیخ زید ہسپتال میں بھی علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کی نئی زندگی انجکشن سے نشہ کرنے والے افراد کو میڈیکل ٹریٹمنٹ اور نئی سرنج مہیا کرتی ہے جبکہ انہیں نشہ سے روک تھام اور نقصانات بارے بھی آگاہ کیا جاتا ہے جبکہ دوسرا سیکٹر ایچ آئی وی پازیٹیو افراد کے خاندان میں شامل دیگر افراد کی بھی سکریننگ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال میں ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت ایک شعبہ قائم ہے جس میں جنرل پبلک سے متاثرہ لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں