رحیم یارخان،ضلع بھر میں عید الاضحیٰ کے 506 اجتماعات کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات

ہفتہ 10 اگست 2019 22:35

رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) ضلع بھر میں عید الاضحیٰ کے 506 اجتماعات کے لیے 1708 پولیس اہلکار تعینات، 1005 رضا کار بھی سکیورٹی کا حصہ ہوں گے، ایلیٹ فورس ، ٹریفک پولیس ، سپیشل برانچ و دیگر پولیس ونگز بھی فرائض سرانجام دیں گے ۔ جشن آزادی کے بھی سکیورٹی انتظامات مکمل ۔ تفصیل کے مطابق ڈی پی او عمر سلامت کی ہدایت و احکامات کی روشنی میں عیدالاضحی اور جشن آزادی کے سلسلہ میں سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ضلع کو پانچ ڈویژنز ، ستائیس سیکٹرز اور اٹھانوے سب سیکٹرز میں تقسیم کر کے اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ سرکل پولیس افسران ڈویژنز ، ایس ایچ اوز سیکٹرز اور سب انسپکٹرز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز سب سیکٹرز کے انچارج مقرر کئے گئے ہیں اور دیگر افسران وجوانوں کو پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

عیدالاضحی کے چار مقامات کو انتہائی حساس ، نو کو حساس اور چار سو ترانوے مقامات نامل کیٹگری میں شامل ہیں ۔

پولیس نفری کی تقسیم حساسیت کو مد نظر رکھ کر تقسیم کی گئی ہے جبکہ اس موقع پر ایلیٹ فورس ، محافظ پولیس اسکارڈ ، سرکل پولیس افسران اور ایس ایچ اوز و سب سیکٹر انچارجز گشت کے دوران اسنایپ چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے مشکوک گاڑیوں ، اشیاء اور افراد کو چیک کیاجائے گا ۔ جبکہ ڈی پی او آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم ہے جو کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورت حال کو مانیٹر کرے گا اور رپورٹس اعلی افسران کو ارسال کرتا رہے گا ۔

اس سلسلہ میں ڈی پی او عمر سلامت کی قیادت میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا گیا جس میں ڈی ایس پی سٹی عباس اختر ، سٹی سرکل ایس ایچ اوز ، ڈی ایس پی ٹریفک فیاض احمد پنسوتہ ، انچارج ایلیٹ فورس محمد منیر اور ان کی نفری ، انچارج سکیورٹی برانچ حسن محمود نے بھی حصہ لیا جبکہ ریسکیو 1122 کی گاڑیان بھی فیلگ مارچ میں شامل تھیں ۔ فلیگ مارچ پولیس لائن سے شروع ہوا اور سٹی ایریا کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائن میں اختتام پزیر ہوا ۔

ڈی پی او عمر سلامت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پر امن عیدالاضحی اور جشن آزادی کے لیے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں جن کو موئثر رکھا جائے اور اس موقع پر امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا اور کسی بھی شخص یا گروہ کو قانون کی خلاف ورزی اور قانون کا ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو کوئی شرپسندی کا مرتکب ہوا اس کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

جن تنظیموں پر پابندی عائد ہے وہ قربانی کھالیں اکھٹی نہیں کریں گی اگر ایسی کو ئی اطلاع ملی تو گرفتاریاں اور مقدمات درج کر کے جیل میں بھجوایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی اپنے گرد و پیش پر نظر رکھیں اور پولیس کا دست و بازو بن کر اطلاعات فراہم کریں جن پر پولیس کارروائی عمل میں لائے گی ۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں