رحیم یار خان ۔محرم الحرا م میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے جائیں گے، ڈی پی اورحیم یارخان

جمعرات 22 اگست 2019 19:48

رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) ڈی پی اورحیم یارخان عمر سلامت نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے تقدس کو مد نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔ اہل تشیع سمیت تمام مکاتب فکر امن و امان کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ ایس ایچ اوز اہل تشیع کی مقامی قیادت اور رہنماؤں کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی انوسٹی گیشن حبیب اللہ خان کے ہمراہ اہل تشیع وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں محرم الحرام پوری عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے جس کے لیے سکیورٹی انتظامات کا معیار بھی اس کے تقدس کا مد نظر رکھتے ہوئے کیاجاتا ہے اس سلسلہ میں پیش بندی کے طور پر بہت سے اقدامات شروع کر دئیے ہیں اس سلسلہ میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد بھی حاصل ہے جبکہ ضلع کے پر امن عوام بھی پولیس اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس پوری طرح الرٹ ہے اور اپنے حصے کا کام بخوبی کر رہی ہے۔ بابر زمان نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج سمیت قومی سلامتی کے تمام اداروں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی وجہ سے ملک سے دہشت گردی نابود ہوئی اور ہم آج پرامن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ وفد کے ہمراہ خواجہ محمد ادریس ایڈووکیٹ بھی تھے جنہوں نے کہا کہ ہم سب دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیور ہیں امن کے ماحول کو خراب کرنے والوں کی ہمارے درمیان کوئی جگہ نہیں۔ ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور قانون کی بالادستی قائم رہے گی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں