رحیم یارخان، حکومت دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، نور احمد بھابھہ

پیر 23 ستمبر 2019 23:44

رحیم یارخان۔ 23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد بھابھہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کے بہترین موقع ملنے سے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمایاں نمائندگی ہو سکے۔گزشتہ روز انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کے نو منتخب عہدیداروں کو نوٹیفکیشن دینے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رحیم یار خان سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کی ہیں کہ وہ قصبے سے لے کر شہروں تک کھیلوں کے گرائونڈ آباد کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی ملک بھر میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے رہنمائوں کو بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ کھیلوں کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب زیادہ سے زیادہ مائل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں رحیم یار خان شہر میں کھیلوں کے گرائونڈز کو نام نہاد پارکوں میں تبدیل کیا گیا ہے جس کے باعث نوجوان نسل کو کھیلوں کے موقع انتہائی کم ہو گئے ہیں تاہم اب توقع ہے کہ ان کی کوششوں سے آئندہ کچھ عرصے کے دوران کھیلوں کے گرائونڈز کو بحال کیا جائے گا۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں