رحیم یار خان، ناقص آٹا فراہم کرنے والی فلور ملز مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

پیر 20 جنوری 2020 22:59

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع میں آٹا کی سپلائی اور ڈیمانڈ کا جائزہ لینے کے لئے مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے قائم سستے آٹا کے پوائنٹس پر آٹا کی دستیابی ، معیار اور مقدار کا جائزہ لیا جبکہ خریداری کے لئے آئے شہریوں سے بھی آٹا کی دستیابی و معیار بارے معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو آٹا کی کوالٹی مزید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کا عملہ ضلع بھر میں سرکاری گندم کی پسائی کرنے والی فلور ملز میں گندم کی سپلائی، آٹا کی پسائی، معیار اور مقدار کی نہ صرف کڑی مانیٹرنگ کریں بلکہ تمام مراحل کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام فلور ملز کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے والے آٹا کی سیمپل لیکر لیبارٹری بھجوائے جائیں۔

آٹا کے معیار و مقدار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ناقص آٹا فراہم کرنے والی فلور ملز مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ڈی ایف سی کو ہدایت کی کہ فکسڈ و موبائل پوائنٹس پر آٹا کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف دکانوں اور آٹا چکیوں پر دستیاب آٹا کے نرخ اور کوالٹی کا جائزہ لیا جبکہ مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے پر دو دکانداروں کو موقع سے گرفتار کروا دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تندور و ہوٹلز مالکان سے بھی آٹا کی دستیابی اور معیار بارے معلومات حاصل کی جبکہ انہوں نے فلورملز کا دورہ کرتے ہوئے گندم کی پسائی اور دستیاب آٹا کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔انہوں نے محکمہ فوڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ فلور ملز کو گندم کی فراہمی سے آٹا کی مارکیٹ میں ترسیل تک کا تمام ریکارڈ رکھا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اٹا کی طلب و رسد کو مانیٹر کرر ہے ہیں۔ضلع میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ، محکمہ خوراک کے پاس گندم کے اطمینان بخش ذخائر موجود ہیں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں