رحیم یار خان، بچوں کو معذوری سے پاک صحتمند زندگی دینے کیلئے کوششیں کرنا ہمارا مذہبی و اخلاقی فریضہ ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:39

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلعی پولیو ایریڈکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہیلتھ ودیگر ادارے انسداد پولیو کی قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھر پورکردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز سے اس مہلک وائرس کا جڑ سے خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، بچوں کو معذوری سے پاک صحتمند زندگی دینے کیلئے کوششیں کرنا ہمارا مذہبی و اخلاقی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران علماء کرام، امام مسجد، اساتذہ سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اس مہم میں شامل کیا جائے اور بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں ضلعی سطح پر تشکیل دیئے جانے والے مائیکرو پلان کا ازسر نوجائزہ لیں اور سابقہ مہم کی کمزوریوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس میں مزید بہتری لائیں تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے تمام محکمے قومی ذمہ داری کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کریں، غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسروں و اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاو انے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کی اس سال کی پہلی انسداد پولیو مہم 17تا19فروری تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران 9لاکھ55ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکیسین کے قطرے پلوائے جائیں گے جس میں 13ہزار خانہ بدوش خاندانوں کے بچے بھی شامل ہیں، 2ہزار 350پولیو ٹیمیں قومی مہم میں حصہ لیں گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر سمیت محکمہ صحت، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، تعلیم، زراعت، سوشل ویلفیئر، بہبود آبادی سمیت دیگر تعاون کرنے والے محکموں کے افسران موجود تھے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں