عید الاضحی کے موقع پر قائم عارضی مویشی منڈیوں کے سیل پوائنٹس عید الاضحی تک تمام تر سہولیات کے ساتھ قائم رکھے جائینگے،خرم شہزاد

سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنے قربانی کا فریضہ مناسب جگہوں پر ادا کریں ،ڈپٹی کمشنر کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 جولائی 2021 19:55

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عید الاضی کے موقع پر عوامی سہولت کے لئے قائم عارضی مویشی منڈیوں کے سیل پوائنٹس عید الاضحی تک تمام تر سہولیات کے ساتھ قائم رکھے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین بلڈنگ نعمان اکرام، اسسٹنٹ کمشنر((یچ آر) ریاست علی، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان سمیت تمام متعلقہ محکموں اور بلدیاتی اداروں کے افسران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور انہیں محفوظ انداز میں شہر سے باہر ڈمپنگ سائیٹس پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات قبل از وقت مکمل کئے جائیں جبکہ تمام بلدیاتی ادارے اپنی حدود کو مختلف زون میں تقسیم کرکے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگاتے ہوئے ان کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر آفس میں فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی محکمے اپنے دفاتر میں عید الاضحی کے موقع پر شکایات سیل قائم کرتے ہوئے اس کے نمبرز کی مناسب تشہیر کریں تاکہ شہری میونسپل سروسز اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے حوالہ سے اپنی شکایات درج کروا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ڈالنے کے لئے شاپنگ بیگ تقسیم کریں تاکہ آلائشیں ان میں ڈال کر رکھی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگہی کے لئے عوامی نمائندگان ، علماکرام اور مساجد کے منتظمین سے مدد حاصل کی جائیں کہ شہری قربانی کا فریضہ شاہرات پر ادا نہ کریں ، قربانی ایک عبادت اور صفائی نصف ایمان ہے لہذا سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنے قربانی کا فریضہ مناسب جگہوں پر ادا کریں جہاں تعفن پھیلنے کا خدشہ نہ ہو اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں گلی ، محلوں یا سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے شاپنگ بیگ میں ڈال کر میونسپل اداروں کی جانب سے بنائے گئے کلیکشن پوائنٹس پر جمع کرائیں تاکہ اس فریضہ کی ادائیگی کے دوران شہر میں صفائی کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ دستیاب ہونا چاہیے اور تمام ڈاکٹرز و عملہ کے شفٹوں میں تحریری آرڈرز کرکے ڈپٹی کمشنرآفس بھجوائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے اور عید نماز کے دوران مناسب فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیکرٹری آرٹی اے کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کی چھٹیوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اوور لوڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے کسی صورت مسافروں سے زائد کرایہ وصول یا گنجائش سے زیادہ مسافر بیٹھانے کی شکایات موصول نہیں ہونی چاہیے اس سلسلہ میں بروقت اقدامات کئے جائیں اور سختی سے مانیٹرنگ کا عمل سر انجام دیا جائے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں