حکومت عوام کا معیار زندگی بلند اور انہیں بنیادی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے،مخدوم ہاشم جواں بخت

ہمارا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کی صورت میں ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے لئے صوبہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پیکج دیا گیا ہے،صوبائی وزیر خزانہ پنجاب

جمعرات 11 نومبر 2021 23:23

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2021ء) صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے اپنے دورہ رحیم یار خان کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، انتظامی امور، محکمانہ کارکردگی، امن وامان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال، ممبران اسمبلی چوہدری محمد شفیق، عامر نواز خان چانڈیہ، یدھسٹر چوہان، غضنفر لنگاہ،ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف، ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد علی ضیا، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق، راجہ محمد سلیم، چوہدری سجاد وڑائچ، رانا مسعود مجید خان، ڈاکٹر طالوت سلیم باجوہ، رئیس محبوب احمدسمیت صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند اور انہیں بنیادی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ہمارا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کی صورت میں ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے لئے صوبہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پیکج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو شہریوں کی مشکلات کا مکمل ادارک ہے اپنے خوشحال اور تابندہ مستقبل کے لئے ہمیں یہ مشکلات برداشت کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ میں 1لاکھ ملازمتوں کی منظور ی دی ہے جبکہ 36ہزار اساتذہ بھی رواں سال بھرتی کئے جائیں گے اور تمام ملازمتوں میں جنوبی پنجاب کے لئے خصوصی کوٹہ رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبہ میں انتظامی امور کی بہتری اور مقامی سطح پر مسائل حل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو با اختیار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز صوبائی محکموں کے افسران کی اے سی آرز پر دستخط اور 20لاکھ روپے تک کے فنڈز عوامی بہبود کے لئے استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے آب پاک اتھارٹی کے تحت صوبہ بھر میں بلخصوص ضلع رحیم یار خان کی چاروں تحصیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ضلع رحیم یار خان کی ترقی کے لئے 30ارب روپے کا ڈویلپمنٹ پیکج دیا ہے اب اداروں کی ذمہ داری ہے کہ فنڈز کا شفاف انداز میں عوامی بہبود کے لئے استعمال کریں جبکہ ارکان پارلیمنٹ اپنے حلقوں میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان سے حکومت پنجاب گڈ گورننس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر رہی ہے جس کی ابتدائی بریفنگ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے میں مدد، انتظامی کارکردگی میں بہتری اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں سٹیزن انگیجمنٹ ماڈل متعارف کروا رہے ہیں جس کے تحت انجینئرنگ، آئی ٹی، میڈیکل کے یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلبا کو ان کے تعلیمی سبجیکٹ کے مطابق حکومتی سطح پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے مطالعاتی دورے کرائے جائیں گے اور طلبا فلاح عامہ کے منصوبوں میں کمی و کوتاہیوں کی نشاندہی کریں گے علاوہ ازیں اس ماڈل کے تحت شہریوں پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب امن و امان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ سمیت جدید ٹیکنالوجی کیلئے وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں جرائم کی شرح میں قابو پانے کے لئے پولیس کو وسائل فراہم کریں گے جس سے نہ صرف کچہ کے ڈاکوں کا خاتمہ بلکہ سٹریٹ کرائم میں بھی کمی واقع ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز حکومت کے لئے بدنامی کا باعث ہیں جس کے خاتمہ کے لئے ٹھوس حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں حب اینڈ سکوپ منصوبہ کے تحت6ارب روپے کی لاگت سے 500بیڈز پر مشتمل سرجیکل ٹاور بنایا جا رہا ہے علاوہ ازیں حکومت پنجاب دیہی و بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی دستیابی کے لئے ایک پلان مرتب کر رہی ہے جس کے تحت ڈاکٹرز ہفتہ میں تین سے چار روز دیہی ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خانپور میں مخیر حضرات کی جانب سے ڈائیلاسز وارڈ اپنی مدد آپ کے تحت بنایا گیا ہے اور اس کے اخراجات بھی مخیر حضرات برداشت کر رہے ہیں خانپور ڈائیلاسز سنٹر کو حکومتی تحویل میں لینے اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے شیخ زید ہسپتال کو نئے کارڈک وارڈ کی تعمیر کے لئے خصوصی گرانٹس فراہم کی جا رہی ہے ان دونوں اہم منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے لئے آئندہ ہفتے صوبائی وزیر صحت او رسیکرٹری صحت سے میٹنگ کی جائے گی تاکہ یہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان میں شہر خاموشاں ماڈل قبرستان کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سالڈ ویسٹ منیجمنت کے قیام کے حوالہ سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں کو شامل کرکے ایک ماسٹر پلان بنایا جائے گا جس کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف اور ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد علی ضیا نے صوبائی وزیر خزانہ کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور امن و امان کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری محمد شفیق، عامر نواز خان چانڈیہ، یدھسٹر چوہان سمیت دیگر پارٹی عہدیداران و ٹکٹ ہولڈرز نے ضلع رحیم یار خان کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے کردارادا کرنے پر وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر مختلف شعبوں میں عوامی بہبود کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان کی مناسب تشہیر او ربروقت تکمیل کے لئے ہم سب اپنا کردار ادا کریں گے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں