رحیم یار خان،جانوروں کے دودھ کی پیداوار اور کسان کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 22 جون 2022 14:30

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2022ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جانوروں کے دودھ کی پیداوار اور کسان کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد ۔ ورکشاپ کا انعقاد خواجہ فرید یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور کے اشتراک سے کیا تھا۔

انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس کے سربراہ ڈاکٹر فرحان چغتائی نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دودھ بنیادی ضرورت ہے، اس علاقے میں دودھ کی پیداوار کو بہتر حکمت عملی اختیار کر کے کئی گنا بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اس حوالے سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ شرکا کو پریزینٹیشن دیتے ہوئے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عدنان خالق باجوہ نے کہا کہ دودھ ایک مکمل غذا ہے تاہم ترقی پذیر ممالک میں اس سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا بلکہ احتیاطی تدابیر نظر انداز ہونے سے بسا اوقات دودھ تندرستی کے بجائے بیماری کا باعث بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پاکستان دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے تاہم آگاہی نہ ہونے، تکنیکی صلاحیتوں کی کمی خدمات ، فارم انفراسٹرکچر کی قلتاور جانوروں کے لئے مناسب غذا کی قلت کے باعث یہ شعبہ آگے بڑھنے کے بجائے انحطاط پذیر ہے۔ انہوں نے کہا دودھ کی مجموعی پیداوار میں سے محض 2 فیصد پراسس ہوتا ہے جب کہ مناسب درجہ حرارت پر ٹرانسپورٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے اس کی افادیت ختم ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا صرف ڈیری کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری آجائے تو پاکستانی معیشت میں 5 اعشاریہ 4 فیصد بہتری آسکتی ہے۔ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس دوران یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور سے آئے ڈاکٹر محمد جنید کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں گنجائش موجود ہے۔ ہر مشکل کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سکھانے کی ضرورت ہے تاکہ دودھ کا معیار برقراررکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا جانوروں کی صحت، مناسب خوراک کی فراہمی،درجہ حرارت کے مطابق بریڈ میں بہتر جیسے اقدامات سے نہ صرف دودھ کا معیار اور پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے بلکہ اس سے علاقائی اور قومی معیشت میں بھی نمایاں تبددیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔ تقریب میں ڈاکٹر بلال طاہر، ڈاکٹر محمد اسلم خان، ڈاکٹر میاں طارق محمود، مجیب ارجمند خان، نیر ادریس، بلال اسرائیل، آصف افتخار، ڈیری فارمنگ سے وابستہ افراد، صنعت کار اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکا نے خواجہ فرید یونیورسٹی میں ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں