دورافتادہ علاقوں میں صحت عامہ کی معیاری سہولیات انتظامیہ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان

بدھ 29 جون 2022 20:35

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سید موسیٰ رضا نے بنیادی مراکز صحت رکن پور اور دیہی مراکز صحت ظاہر پیرکا سرپرائز وزٹ کیا۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات اور صفائی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے دیہی مراکز صحت پر سینئر میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ منیجر (پی ایچ ایف ایم سی) کو سینئر میڈیکل آفیسر دیہی مراکز صحت ظاہر پیر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے جبکہ بنیادی مراکز صحت پر بیماری کے باعث چھٹی پر جانے والے ڈاکٹر کے متبادل ڈاکٹر کی ڈیوٹی لگانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سمیت ادویات کی دستیابی اور امور صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دورافتادہ علاقوں میں صحت عامہ کی معیاری سہولیات اور ڈاکٹرز کی دستیابی حکومت اور انتظامیہ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ منیجر(پی ایچ ایف ایم سی) تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملہ کی دستیابی یقینی بنائیں جبکہ کسی بھی ڈاکٹر کی چھٹی کی صورت میں متبادل انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے ہسپتال میں آئے مریضوں اور ان کے ورثاء سے بھی طبی سہولیات اور ڈاکٹرز و عملہ کے رویہ بارے استفسار کیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے ورثاء سے شفقت سے پیش آیا جائے اور دوران علاج معالجہ مریضوں کے ورثاء کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ہسپتالوں میں بہترین صفائی انتظامات کے ساتھ خوبصورتی کے لئے دستیاب جگہوں پر پھل اور پھولدار پودے لگانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں