رحیم یار خان ،ڈپٹی کمشنر کا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عامر نواز خان کے ہمراہ فیروزہ کا دورہ

پیر 15 اگست 2022 18:36

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عامر نواز خان کے ہمراہ فیروزہ کا دورہ کیا۔انہوں نے گذشتہ دو روز منی مسافر کوچ پر ٹرک الٹنے والی جگہ کا معائنہ کیا اور انجمن تاجران فیروزہ، علماء کرام ودیگر شہریوں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ فیروزہ میں ہونے والے سانحہ پر ضلع کی فضا سوگوار ہے۔

حکومت اور انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہے اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سانحہ فیروزہ میں شہید ہونے والے مسافروں کے ورثاء کو دو، دو لاکھ فی کس مالی امداد کا اعلان کیا ہے جس کے چیک آج ہی ورثاء کو پہنچا دیئے جائیں گے جبکہ حادثہ کے زخمیوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حادثہ کی وجوہات اور ذمہ داران کا احاطہ کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو 72گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حادثہ کے حوالہ سے ابتدائی رپورٹ جاری کی گئی ہے جو حتمی نہیں ہے ذمہ داران کا تعین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی کرے گی انہوں نے فیروزہ کی تاجر برادری، علماء کرام اور شہریوں کو یقین دلایا کہ غفلت برتنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گااورمتاثرین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ فیروز شہر کو درپیش مسائل اور حل کے لئے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے پہلے مرحلہ میں فیروزہ شہر سے گزرنے والی شاہی روڈ جو سیوریج کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس مرمت کی جائے گی جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیروزہ سیوریج لائن کی ڈی سلٹنگ اور ڈسپوزل اسٹیشن کو مکمل فنکشن کرے اور چوبیس گھنٹے ڈسپوزل اسٹیشن کو چلایا جائے،انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں سیوریج لائنیں کلیئر اور ڈسپوزل اسٹیشن مکمل فنکشنل ہونے پر سیوریج اسکیم ضلع کونسل کو سونپ دی جائے گی بصورت دیگر پبلک ہیلتھ تمام نقائص ختم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پرانے ڈسپوزل کی منہدم لائنیں فوری بحال کی جائیں گی تاکہ ملحقہ بازار میں سیوریج مسائل ختم ہوں۔انہوں نے حادثہ کے دوران امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر فیروزہ کے شہریوں جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عامر نواز خان چانڈیہ نے کہا کہ فیروزہ شہر میں سیوریج کا مسئلہ سالہا سال سے موجود ہے جس کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا اور شہریوں کا غم و غصہ جائز نوعیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو تمام مسائل سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے افسوسناک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں فیرزہ شہر کی تاجر برادری تمام مسالک کے علماء کرام اور شہریوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے شدید غم و غصہ کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ فیروزہ شہر کے مسائل حل کئے جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ فیروزہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار شاہی روڈ کا حصہ10روز میں مرمت کر لیا جائے گا جبکہ سیوریج مسائل حل ہونے کے بعداس روڈ کی مکمل تعمیر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے جس سے مستقل بنیادوں پر مسئلہ حل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج کے باعث ملحقہ بازار کو درپیش مسائل کا بھی فوری ازالہ کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں بھی پبلک ہیلتھ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں