تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہی جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی، شیریں مزاری

جمعہ 20 جولائی 2018 22:46

تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہی جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی، شیریں مزاری
راجن پور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) مرکزی ترجمان پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے روجھان مزاری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی 22سالہ جدوجہد میں حق و صداقت کا دامن نہیں چھوڑا اس لئے آج 22کروڑ عوام ان سے امیدیں وابسطہ کئے ہوئے ہے، ن لیگ کی حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے 100دنوں کا منصوبہ واضح کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم پاکستان کی سربلندی اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اپنی جیت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حقیقی عوامی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا، ہم روشن پاکستان کیلئے سرگرم عمل ہیں، نیا پاکستان جس میں امن و انصاف کا بول بالا ہوگا جس میں عوام کی 70سالہ محرومیوں کے ازالہ کا راز مضمر ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے نام پر سیاست کرنے والے اب ہمیشہ کیلئے بے نقاب ہوچکے ہیں ایسے سیاستدانوں کے پاس ماسوائے شکست اور شرمندگی کے کچھ باقی نہیں رہا بلکہ اب تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہی جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی جس سے جنوبی پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اس موقع پر مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف سردار ولی محمدخان مزاری، امیدوار ایم این اے حلقہ 195 سردار ریاض محمود خان مزاری، امیدوار ایم پی اے حلقہ 297میردوست محمدخان مزاری، سابق ایم این اے سردار سلیم جان خان مزاری، ضلعی صدر پی ٹی آئی عبدالرزاق راجہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں