حکومت خصوصی افراد کی بحالی کے لئے مالی امدادکیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے،ڈپٹی کمشنر راجن پور

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:55

راجن پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راجن پور محمدافضل ناصر خان نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد بھی معاشرے کا حصہ ہے اور ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ ہم سب کو ان افراد کا خیال رکھنا چاہئے۔ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی بحالی کے لیے مالی امداد اور ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔یہ باتیں انہوں نے سوشل ویلفیئر آفس میں بصارت سے محروم افراد میں سفید چھڑیاں اور امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر تہمینہ دلشاد، سپرنٹنڈنٹ دارالامان صبا زہرہ،منیجر صنعت زار نادیہ نواز اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب غریب ،مستحق اور خصوصی افراد کی مالی امداد کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خصوصی افراد میں دس، دس ہزار روپے کے 10 چیک اور بینائی سے محروم افراد کو سفید چھڑیاں تقسیم کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے خصوصی افراد کے لیے امدادی فنڈ فراہم کیے ہیں۔ گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق جو زیادہ مستحق افراد ہیں ان کو دس ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے گئے ہیں اور یہ میرٹ کے مطابق ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل جام پور سے تین، روجھان سے 1اور تحصیل راجن پور سے چھ افراد شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں