عمران خان کو پاکستان کے عوام نے پانچ سال کے لیے وزیر اعظم منتخب کیا ہے،سردار دوست محمد مزاری

بدھ 6 نومبر 2019 16:37

عمران خان کو پاکستان کے عوام نے پانچ سال کے لیے وزیر اعظم منتخب کیا ہے،سردار دوست محمد مزاری
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کے عوام نے پانچ سال کے لیے وزیر اعظم منتخب کیا ہے۔ دھرنے والوں کا وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی، غیر جمہوری اور نا قابلِ قبول ہے ،۔وزیراعظم نہیں بلکہ دھرنے والے گھر جائیں گئے اور انشاء اللہ عمران خان اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرتے ہوئے ریاست مدینہ کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرّحمان اور دھرنے میں موجود دیگر سیاسی قائدین کی طرف سے قومی اداروں پر بلا جواز تنقید انتہائی غیر مناسب اور بے بنیاد ہے ، جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے دھرنے میں شامل تمام قائدین کو چاہیے کہ جمہوری سوچ اور روایات کی عکاسی کرتے ہوئے ایسے خیالات اور جذبات کا اظہار نہ کریں جس سے ملک دشمن قوتوں کو تقویت ملے۔

ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہوئی ہیںاور اب جب معاشی اصلاحات کی وجہ سے معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول سازگار ہوا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری تیزی سے پاکستان آ رہی ہے ان حالات میں ہم مزید کسی تجربہ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی موروثی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک ویڑن اور جدوجہد کے تحت وجود میں آئی ہے اور اس جدوجہد کا مقصد پاکستان کو بد عنوان نظام، کرپشن اور ذاتی مفادات پر مبنی سیاست سے پاک کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں