راجن پور میں 13 سالہ لڑکے کی 4 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 مئی 2021 12:58

راجن پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2021ء) : راجن پور میں 13 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر چار سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کلیم محبوب کے مطابق 13 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی۔ جس کے بعد تھانہ کوٹ مٹھن پولیس نے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو فوری گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 13 سالہ ملزم بلال نے بچی کو زبردستی پکڑ کر کھیتوں میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ بچی کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں بچی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے میڈیکل رپورٹ کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کم سن بچیوں اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں گذشتہ ایک برس کے دوران ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے غیر سرکاری تنظیم نے ایک رپورٹ مرتب کی گئی جس کے مطابق گذشتہ سال کے دوران 1510 بچیاں جبکہ 1450 بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق کم عمری کی شادی کے 119 واقعات جب کہ 7 واقعات میں بچیوں کو ونی کیا گیا ہے، 50 بچوں اور بچیوں کو مدرسہ جات میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس طرح بچوں کو اسپتال ،ہوٹل، کار، کلینک، کالج، فیکٹری، جیل، پولیس سٹیشن، شادی ہال، قبرستان اور دیگر کئی جگہوں پر بھی جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

2020ء کے دوران بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات سب سے زیادہ صوبہ پنجاب میں کُل 1707 رپورٹ ہوئے، صوبہ سندھ میں 861 ، صوبہ بلوچستان میں 53، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 102 ، خیبر پختون خوا میں 215، آزاد کشمیر میں 18 اور گلگت بلتستان میں بچوں سے زیادتی کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 2020 کے دوران لاہور میں 82 بچے جنسی تشدد کا نشانہ بنائے گئے۔چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی چیئرپرسن سارہ احمد نے بچوں پرجنسی تشدد کے واقعات پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بچوں پرجنسی تشدد کے سد باب کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، کچھ برسوں سے بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے لہٰذا بچوں پر جنسی تشدد کی وجوہات اور روک تھام کے لیے اقدامات کے حوالے سے معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے زینب الرٹ کا قانون بھی اس سمت میں ہماری حکومت کا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد سے بچاؤ سے متعلق آگاہی کا مواد تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں