بھائی نے غیرت کے نام پر دو بہنوں کو قتل کر دیا

ملزم نے بہنوں پر شک کی بناء پر کاروکاری کے الزام میں فائرنگ کر کے قتل کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 5 جون 2021 15:28

بھائی نے غیرت کے نام پر دو بہنوں کو قتل کر دیا
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2021ء) راجن پور میں غیرت کے نام پر دو بہنیں قتل کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق راجن پور میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر حوا کی دو بیٹیاں غیرت کی بھینٹ چڑھ گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے ضلع راجن پور کے قریب سگے بھائی نے غیرت کے نام پر دو بہنوں کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔راجن پور کے علاقے کچہ میانوالی نمبر 2 میں سگے بھائی نے دو بہنوں زاہدہ اور مالو کو شک کی بناء پر کاروکاری کے الزام میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے دونوں لڑکیوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ملزم ماجد کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ رسم و رواج کسی بھی معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کی بدولت معاشرے کے مہذہب ہونے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ہمارے ہاں بدقسمتی سے کچھ فرسودہ روایات جیسے ونی، غیرت کے نام پر قتل، کم عمری کی شادیاں وغیرہ اپنی جڑیں اس قدر مضبوط کر چکی ہیں کہ ان سے جان چھڑوانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

دکھ کی بات یہ ہے کہ فرسودہ روایات کی زد میں ہمیشہ عورت ہی آتی ہے۔پاکستان میں ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں آج بھی خواتیں بنیادی تعلیم سے ہی محروم ہیں۔خواتین کو ہمیشہ مردوں کے مقابلے میں برابر کے حقوق کبھی ملے ہی نہیں ہیں۔ کیوں کہ پاکستان کے کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں عورتوں کو مردوں کے سامنے کم تر سمجھا جاتا ہے۔ان کا یہ خیال ہے کہ عورت گھر کے کاموں تک محدود ہے۔پاکستان میں ایسے علاقے ہیں جہاں آج بھی لڑائی جھگڑے اور قتل و غارت عورتوں کی وجہ سے کی جاتی ہے۔ کچھ پاکستان کے قبائلی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں آج بھی اس رسم کا سلسلہ عروج پر ہے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں