راجن پور میں تین افراد کی بچے سے زیادتی

ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنالی، ایک ملزم گرفتار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 جون 2021 12:11

راجن پور میں تین افراد کی بچے سے زیادتی
راجن پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جون 2021ء) : انڈس ہائی وے چوک کے قریب تین افراد نے بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تین افراد نے بچے کے ساتھ زیادتی کی، ملزمان بچے سے زیادتی کے دوران اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے، واقعہ کی اطلاع موصول ہونے پر بچے کا میڈیکل کروالیا گیا ہے جس کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ دو ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کم سن بچیوں اور لڑکیوں سے زیادتی کے ساتھ ساتھ بچوں سے زیادتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس نے والدین کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ کچھ روز قبل دادو میں ایک انتہائی شرمناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر دو بھائیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزمان نے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ تھانہ ٹنڈو رحیم کے علاقے میں دو کمسن بھائیوں کو ملزمان نے ٹک ٹاک بنانے کے بہانے جابلوں علاقے میں لے جا کر مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا،زیادتی کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

بچوں کے ورثا نے اس معاملے پر احتجاج بھی کیا اور انصاف کی فی الفور فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ قبل ازیں کنگن پور کی رہائشی خاتون عشرت بی بی نے پولیس تھانہ کنگن پور میں درخواست دی تھی کہ میرا چھ، سات سالہ بیٹا علی شان گھر سے باہر کھیل رہا تھا ملزم زین آیا اور اسے ورغلاء پھسلاء کر اس کے ساتھ بدفعلی کی ہے۔ یہی نہیں حال ہی میں مفتی عزیز الرحمان کی جانب سے بھی طالبعلم کو بد فعلی کا نشانہ بنانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد عزیز الرحمان کو گرفتار کیا گیا اور اب ملزم ریمانڈ پر جیل میں ہے۔ بچوں سے زیادتی کے واقعات میں ہوشرُبا اضافے نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں