پنجاب کے پسماندہ ترین ریجن میں واقع گاؤں پورے ملک کیلئے مثالی علاقہ بن گیا

علاقے کی شرح خواندگی 100 فیصد، کہیں کچرا ملے گا نہ گندگی، سیورج کا نظام مثالی، سڑکیں پکی ہیں، علاقے میں جرائم کی شرح صفر ہے

muhammad ali محمد علی پیر 2 اگست 2021 20:14

پنجاب کے پسماندہ ترین ریجن میں واقع گاؤں پورے ملک کیلئے مثالی علاقہ بن گیا
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2021ء) پنجاب کے پسماندہ ترین ریجن میں واقع گاؤں پورے ملک کیلئے مثالی علاقہ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع راجن پور میں ایک ایسا گاؤں واقع جو شاید ملک کے جدید اور ترقی یافتہ شہروں سے بھی بہتر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع راجن پور میں واقع گاؤں رسول پور ملک کا پرامن ترین اور سب سے تعلیم یافتہ علاقہ ہے، اس علاقے میں جرائم کی شرح صفر جبکہ شرح تعلیم 100 فیصد ہے۔

جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کے اس گاؤں کی آبادی 3ہزار کے لگ بھگ ہے اور یہاں کے اکثر مکین انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ علاقے میں رہنے والا ہر دوسرا شخص اعلی تعلیم یافتہ ہے اور اپنے گاؤں کی بہتری کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاؤں رسول پور انتہائی پرامن علاقہ ہے اس کا ثبوت یہ ہے کہ اس علاقے میں آج تک ایک بھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کے مطابق گاؤں پڑھے لکھے لوگوں پر مشتمل ہے، اسی لیے یہاں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں۔ رسول پور کے باسیوں کا کہنا ہے کہ اپنے بہترین تعلیمی نظام کی وجہ سے رسول پور نے یورپ اور امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رسول پور گاؤں صفائی ستھرائی اور بہترین انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔ اس گاؤں میں کہیں کچرا ملے گا نہ گندگی سیورج کا نظام مثالی، سڑکیں پکی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ کے تحت رسول پور کا نظام بہتر بنایا گیا ہے۔ گاؤں کی باقاعدہ ایک تنظیم بھی بنی ہوئی ہے، جو نئی سڑکوں کی تعمیر اور ٹوٹی پھوٹی گلیوں کی مرمت کی ذمہ دار ہے۔ یہ تنظیم گاوں کے باسیوں سے پیسے اکٹھے کرتی ہے اور ٹوٹی گلیوں کی مرمت فوری طور پر یقینی بناتی ہے۔ اس علاقے کی اتنی ترقی کا اہم ترین راز یہ ہے کہ یہاں کی آبادی حد سے زیادہ تجاوز نہیں کرتی، گاؤں سے باہر کے لوگوں کو اس علاقے میں زمین خریدنے یا رہائش اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ حال ہی میں اس علاقے کے حوالے سے اردو پوائنٹ کی جانب سے تیار کی گئی تفصیلی رپورٹ ملاحظہ کیجیے:

متعلقہ عنوان :

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں