حمزہ شہباز کا جنوبی پنجاب کا دورہ، ن لیگ میں ایک اور اہم سیاسی شخصیت کا اضافہ ہو گیا

راجن پور سے سابق ایم این اے ڈاکٹر حفیظ دریشک کی مسلم لیگ ن میں واپسی، حفیظ دریشک 2013 میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے رہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 4 اکتوبر 2021 16:36

حمزہ شہباز کا جنوبی پنجاب کا دورہ، ن لیگ میں ایک اور اہم سیاسی شخصیت کا اضافہ ہو گیا
راجن پور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 اکتوبر 2021ء) نائب صدر مسلم لیگ ن اورقائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جنوبی پنجاب کے دورے پر راجن پور آمد ہوئی۔اس موقع پر مسلم لیگ ن میں ایک اور سیاسی شخصیت کی شمولیت ہو گئی۔راجن پور سے سابق ایم این اے ڈاکٹر حفیظ دریشک نے مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت اختیار کر لی۔ حفیظ دریشک 2013 میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے رہے۔

اس سے قبل بھی حمزہ شہباز کے جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران کئی اہم سیاسی رہنما ن لیگ میں شامل ہوئے۔راجن پور سے تعلق رکھنے والے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کیا ۔

(جاری ہے)

ملتان میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے اسحاق بچا نے بھی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اورمسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کیا ۔

حمزہ شہباز کے خانیوال پہنچنے پر سابقہ رکن پنجاب اسمبلی جمیل شاہ نے متعلقہ حلقے کے رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر کی موجودگی میں مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کی۔ مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 271 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور سرکردہ رہنما اختر علی گوپانگ نے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

حمزہ شہباز کے دورہ کے دوران ملتان سے بریگیڈئیر (ر) قیصر مہے نے بھی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔نئے شامل ہونے والوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور فخر ہے کہ اس کا حصہ بن رہے ہیں۔۔ حمزہ شہباز نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نامور سیاستدانوں کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) مزید مضبوط ہوگی۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں