آئندہ الیکشن میں عوام پی ٹی آئی عذاب کو سمندرغرق کردیں گے، حمزہ شہباز

اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کا 30 فیصد نوکریوں کا کوٹہ بحال کریں گے، پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کرروٹی کا نوالہ بھی چھین لیا، وہ دن دور نہیں جب کسان مزدور پھر خوشحال ہوگا۔ مرکزی نائب صدر ن لیگ کا راجن پور میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 اکتوبر 2021 16:41

کوٹ مٹھن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ عوام آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کو سمندرغرق کردیں گے، اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کا 30فیصد نوکریوں کا کوٹہ بحال کریں گے، پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کرروٹی کا نوالہ بھی چھین لیا، وہ دن دور نہیں جب کسان مزدور پھر خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کوٹ مٹھن میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے پیغام دیا کہ عوام کی خدمت کریں گے،عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں، میرے دادا مرحوم کہتے تھے کہ صبح صبح پرندے اپنے بچوں کا دانا چگنے کیلئے اٹھتے ہیں، اگر پرندے نے گواہی دی کہ اس بندے نے آپ کی مخلوق کی ہے تو دنیا بھی بن جائے گی اور آخرت بھی بن جائیں گی۔

(جاری ہے)

راجن پور میں سارے ترقیاتی کام مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں ہوئے۔

راجن پور ، رجھان سے لے کر ڈی آئی اسماعیل خان تک جو سڑک ہے حادثات کے باعث خونی سڑک بن چکی ہے، اقتدار میں آکر اس سڑک کو ایکسپریس وے بنائیں گے، کسان پریشان ہے، کیونکہ جو کھاد کی بوری 2300کی تھی آج 7000کی ہے، کسان کیوں پریشان نہ ہویوریا کی بوری 14سو کی تھی آج 18سو کی مل رہی ہے، یہ ظلم پنجاب اور پاکستان کی ترقی کے ساتھ ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو دن رات محنت کریں گے اور کسانوں کی ترقی کیلئے وقف کردیں گے۔

جنوبی پنجاب کے نوجوانوں نے اتنا پیار دیا کہ جنوبی پنجاب کا 30سے زائد نوکریوں کا کوٹہ شہبازشریف نے منظور کیا تھا اس حکومت نے نامنظور کرکے لوگوں سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے، کسانوں، مزدوروں اور جوانوں سے روزگار چھیننے والوں کو، ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کرنے والوں کو الیکشن میں حساب دینا ہوگا، الیکشن 2023ء میں عوام شیر کو کامیاب کرکے پی ٹی آئی کے عذاب کو سمندر غرق کردیں گے۔وہ دن دور نہیں جب نوجوان، کسان خوشحال ہوگا، ایک بار ملک ترقی کرے گا۔ 

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں