راجن پور کی احاطہ کچہری میں شوہر کا اہل خانہ کے ہمراہ خاتون پر تشدد

ملزمان شہناز کو تشدد کے ساتھ گھسیٹتے ہوئے کچہری سے اپنے ساتھ لے گئے، کوئی بھی بچانے نہ آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 21 اگست 2019 17:12

راجن پور کی احاطہ کچہری میں شوہر کا اہل خانہ کے ہمراہ خاتون پر تشدد
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، عنصر سجاد) آج راجن پور کی کچہری کے احاطہ میں ایک حوا کی بیٹی کے ساتھ سر عام تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے وہاں موجود لوگوں کی بے حِسی کا پتا چلتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان عدالت میں پیشی کے موقع پر آئی شہناز بی بی کو زبردستی تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہناز بی بی کو تشدد اور اغوا کا نشانہ بنانے والے اس کے خاوند اور اس کے رشتہ دار تھے۔

جنہوں نے شہناز کو اپنے ساتھ نہ جانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے گھسیٹتے ہوئے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ متاثرہ خاتون خاتون چیختی چلاتی رہی لیکن وہاں پر لوگ تماشا دیکھنے کے لیے تو اکٹھے ہوئے ، پر کسی نے اُس پر ہونے والے ظلم اور تشدد کو روکنے کی کوشش نہ کی۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ کچھ عرصہ قبل نعیم کی بیوی کسی بات پر اُس سے ناراض ہو کر کسی نامعلوم مقام پر چلی گئی تھی۔

جس پر نعیم نے اپنی بیوی شہناز کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ اغوا کے مقدمہ کا پتا چلنے پر شہناز ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونا چاہتی تھی۔ جب اس مقصد کے لیے شہناز وہاں پہنچی تو اُس کی تاک میں بیٹھے شوہر اور اس کے گھر والوں نے شہناز کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور اس کی جانب سے مزاحمت پر اُسے زبردستی گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئے۔

ضلع کچہری راجن پور کے احاطے سے خاتون کو زبردستی اٹھا کر لیجانے کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔ احاطہ کچہری سے اس طرح ظالمانہ انداز میں خاتون کو لے جانا عدالت کی سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان ہے۔ دُوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون پر تشدد کرنے والے ملزمان میں سے 7افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ خاتون کی بازیابی کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو بہت جلد اسے بازیاب کروا لیں گے۔

متعلقہ عنوان :

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں