پی ٹی آئی گورنمنٹ کی معیشت سے متعلق فیصلوں کے مثبت ثمرات نظر آنے لگے ہیں، سردار نصراللہ خان دریشک

جمعہ 11 اکتوبر 2019 17:39

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) ایم این اے و شریک چیئرمین جنوبی پنجاب صوبہ محاز سردار نصراللہ خان دریشک نے "اے پی پی" سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ن لیگ ملک کے خزانے کو خالی چھوڑ کرگئی تھی، پی ٹی آئی کی گورنمنٹ کو معیشت سے متعلق سخت فیصلے کرنا پڑے جس کے مثبت ثمرات نظر آنے لگے ہیں، معیشت میں استحکام نظر آرہاہے، آج روپیہ مستحکم ہے بلکہ اسکی قدر میں اضافہ ہورہا ہے، ہماری حکومت نے ساڑھے دس ارب ڈالرز کا قرضہ واپس کیا ہے، سابق حکومت کے غلط فیصلوں کے باعث بجلی کی قیمتیں بڑھانا پڑیں مگر اب حالات تیزی سے بہتری کیجانب گامزن ہیں۔

بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں عوامی توقعات کے عین مطابق کمی ہوگی۔ وزیراعظم پاکستان نے حکومتی اس دورانیہ میں 71 سالہ سسٹم کو بہتر کرنے کی جو پالیسی بنائی اسمیں کامیابی کیساتھ مثبت نتائج آنا شروع ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

جب ادارے بہتر ہونگے تو ملک کا سسٹم بہتری کیساتھ مضبوط معاشی مستحکم اور قانون کی سو فیصد رٹ کی دلیل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ اس جمہوری حکومت کا خاصا ہے کہ ماضی کی روایات کے برعکس ادارے مکمل بااختیار اور احتساب سب کیلئے برابر ہے، ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اپنے منتقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اور ان سے ملکی خزانے کی لوٹی ہوئی رقم بھی واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ غریب افراد کے دکھوں کا حکومت کیجانب سے اہم مداوا ہے اس سے پنجاب کے تقریبا سوا 3 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا جبکہ پنجاب میں 100 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کرنے اور ان ہسپتالوں میں ٹراما کی مکمل سہولت قابل تحسین اقدام ہے۔ حکومت نے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کیطرف موڑ دیا ہے تاکہ 70 سالہ اجتماعی عوامی دیرینہ مسائل کے حل سے پسماندگی کا سوفیصد خاتمہ یقینی ہوسکے، دیہی اور ٹرائبل ایریاز میں خصوصی طور پر صاف پانی کی فراہمی، سکولز، ہسپتالوں کے قیام، بجلی کی فراہمی اور نئے روڈز کی تعمیر کاکام تیزی سے جاری ہے جس سے اب ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

سردار نصراللہ خان دریشک نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ایک عرصہ سے کشمیریوں پر بھارتی جانب سے ظلم و ستم کی بھیانک صورتحال دیکھ کے دل خون کے آنسو روتا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مضبوط اعصابی، مدلل مربوط حکمت عملی سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑرہے ہیں اور پوری دنیا میں بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب کرکے نہتے کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے ساتھ پاکستانی بلکہ پوری مسلم امہ کے دل جیت لیے ہیں۔

عمران خان کی قیادت میں کشمیر کا معاملہ اب فیصلہ کن مرحلے میں ہے وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا اور نہتے مظلوم کشمیری بھارت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارہ پائیں گے۔ سردار نصراللہ خان دریشک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور انکے حمائتیوں کیجانب سے دھرنے اور ملک کو جام کرنے کی کوششیں ناکام ہونگی اور انکی دھمکیاں حکومت کی عوام دوست پالیسی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے عزم کو کسی بھی صورت میں متزلل نہیں کرسکتی، قوم عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور فخر محسوس کرتی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ملکی سلامتی استحکام اور قیام امن کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنا اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کرنا چاہیئے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں