راجن پور، پنجاب حکومت عوام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، حسنین بہادر دریشک

ہفتہ 30 مئی 2020 16:10

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، کورونا سے بچاو کے لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عمل کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی،چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر محبت علی،لائیوسٹاک،انڈسٹری، زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران موجود تھے۔

اجلاس میں انسداد کورونا وائرس اقدامات، گندم خریداری مہم،انسداد ٹڈی دل آپریشن اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول بارے بریفنگ دی گئی۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ ضلع راجن پور میں 1500سے زائد مشتبہ افراد کو کارونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 23 لوگوں میں کورونا مثبت آیاتھا ان میں بیشتر کا تعلق پولیس اور محکمہ صحت سے ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے روزانہ کی بنیاد پر سبز ی و فروٹ منڈی کے علاوہ مختلف مارکیٹوں میں پرائس مجسٹریٹس چھاپے مار رہے ہیں۔

رمضان المبارک کے مہینے میں ذخیرہ اندوزوں اور زیادہ منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ رواں ماہ کے دوران اب تک 23پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 724مارکیٹوں کے دورے کرکے 4068چھاپے مارے اور 582خلاف ورزیوں پر 9لاکھ 53ہزار5سوروپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 5افراد کے خلاف مقدمات درج کراکر انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے اور اب تک انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020کے تحت کارروائیوں کے دوران 131841بوری گندم ذخیرہ اندوزوں سے قبضہ میں لے کر محکمہ خوراک کے حوالے کردی گئی ہیں۔

گندم خریداری مہم بارے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گندم خریداری پہلا مرحلہ کا ٹارگٹ مکمل ہو چکا ہے جو کہ 20لاکھ سے زائد بوری خرید کرنے کا تھا اور اب اضافی ہدف بھی بہت جلد مکمل ہونے والا ہے۔ اب تک ضلع بھر میں 118فی صد باردانہ تقسیم کیا جاچکا ہے جبکہ 112.5فی صد گندم خرید کی جاچکی ہے۔ اس موقع پر ٹڈی دل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع راجن پور میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

ضلع میں کل 4لاکھ 46ہزار146ایکڑ رقبہ کا سروے کیا گیا جبکہ 66ہزار6سو65ایکڑ رقبہ پر اسپرے کرکے ٹڈ ی دل کی بہت بڑی تعداد کو تلف کردیا گیا ہے۔ جس میں سے 15250ایکڑ رقبہ پر فضائی جبکہ 51415ایکڑ رقبہ پر زمینی آپریشن کے دوران اسپرے کیا گیا۔صوبائی وزیر لائیواسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ہر صورت میں ٹڈی دل کے نقصانات سے بچانا ہے کیونکہ کسان ہماری معیشت کی بنیادی اکائی ہیں۔انہوں نے کسانوںسے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول میجسٹریٹ اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں