لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی والد کے یونیفارم سے بنے تکیے کے ساتھ سونے کی تصویر وائرل

لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی اس تصویر نے ہر آنکھ اشکبار کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 ستمبر 2018 12:20

لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی والد کے یونیفارم سے بنے تکیے کے ساتھ سونے کی تصویر وائرل
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2018ء) : شہید کی جو موت ہے ، وہ قوم کی حیات ہے۔ یہ بات ہم نے بارہا سُنی ہو گی لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ ایک فوجی جانباز اپنی جان قربان کر کے اپنے ملک و قوم کی حیات کا سامان تو کر جاتا ہے لیکن اس کے اہل خانہ جہاں اُس پر فخر کرتے ہیں وہیں اُس کے نہ ہونے کا دُکھ ہر روز مناتے ہیں، روزمرہ کی زندگی میں شہید کے لواحقین اُسے بے حد یاد کرتے ہیں اور پُر نم ہوتے ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس نے سب کو اشکبار کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی تصویر میں دیکھا گیا کہ بچے ایک تکیے کو پکڑ کر سو رہے ہیں جس پر لیفٹننٹ کرنل راشد کا بیج لگا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کوئی عام تکیہ نہیں ہے بلکہ ان بچوں کی والدہ نے اپنے شہید شوہر کی وردی سے یہ تکیہ خصوصی طور پر اپنے بچوں کے لیے بنایا ہے تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ رکھ کر اپنے والد کی موجودگی کا احساس کر سکیں۔

اس تصویر میں بچے پُرسکون انداز میں اپنے والد کی وردی سے بنا ہوا یہ تکیہ اپنے ساتھ رکھ کر سو رہے ہیں جبکہ دونوں بچوں نے اس تکیے کے اُوپر اس طرح ہاتھ رکھا ہوا ہے جیسے اپنے والد سے لپٹے ہوں۔
لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر ان کی بیوہ نے شئیر کی جس نے سوشل میڈیا صارفین کو اشکبار کر دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ تصویر دیکھ کر نہ صرف قوم کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔

اس تصویر پر معروف خاتون اینکر مہر بخاری نے کہا کہ یہ تصویر دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اللہ ان بچوں اور ان جیسے اُن تمام بچوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے جنہوں نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میں تمام بیواؤں اور بوڑھے والدین کو دل سے سلام پیش کرتی ہوں۔
ٹویٹر صارفین نے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سیلوٹ بھی پیش کیا۔

کچھ صارفین نے شہدا کے جنت میں اعلیٰ درجات اور ان کے اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا کی۔
متعدد صارفین نے اس تصویر کو دیکھ کر کہا کہ ہمارے پاس کچھ کہنے یا لکھنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
ٹویٹر صارفین نے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہیدوں کو سلام بھی پیش کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر یوم دفاع و شہداء پاکستان پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر نے ہر سوشل میڈیا صارف کی آنکھ کو اشکبار کر دیا۔ تصویر میں ننھی کلی کو اپنے والد کی قبر پر معصوم ہاتھوں سے پھول ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔
یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر اس تصویر کو کئی ہزار مرتبہ شئیر کیا گیا اور دہشتگردوں سے مقابلے اور ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے جان کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اپنی جان و مال اور اہل خانہ کی پرواہ کیے بغیر اپنی جان دھرتی ماں کے لیے قربان کر دی۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں