راولاکوٹ کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے انشاء اللہ30تاریخ کو مسلم لیگ (ن) ضمنی انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی،راجہ فاروق حیدر

دیہی علاقے کی پسماندگی دور کرینگے ، حلقہ کے شہری اور دیہی علاقوں کیلئے تعمیر وترقی کا الگ الگ پروگرام کرینگے،بی بائیکاٹ کرنے والوںکی جانب سے سیاہ جھنڈے چھوڑ کر مسلم لیگ ن کا پرچم تھامنا ان کی جانب سے حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 25 دسمبر 2018 16:37

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) صدر مسلم لیگ ن ووزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدرخان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ انشاء اللہ30تاریخ کو مسلم لیگ ن ضمنی انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی ، حاجی یعقوب کو لوگ آزما چکے حسن ابراہیم ابھی ناتجربہ کار ہیں ،طاہر انورتاریخی روایات کے حامل خطے کی نمائندگی کا حقیقی معنوں میں اہل ہے جس کی 30سالہ سیاسی ریاضت ہے ، انتخابات میں حصہ لیکر کوئی گنا ہ نہیں کیا، دودفعہ جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا،عوام تعمیر وترقی اور خوشحالی کو ووٹ دیں ، سنا ہے کہ کچھ لوگوں نے 28اور29تاریخ کیلئے جعلی کرنسی کا بندوبست کیا ہوا ہے ، عوام ان سے ہوشیار رہیں،لوگوں کے ضمیر خریدنا سفید، سفید پوش لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے سے بڑی بے غیرتی کوئی نہیں ، جو ایسا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان سے حساب بھی لیتا ہے ، لحاف اور رضائیاں دیکر لوگوں سے ووٹ نہیں لیے جاسکتے ، ایک روپیہ سرکاری خزانہ کا استعمال ضمنی انتخاب میں ثابت ہوجائے توسزابھگتنے کیلئے تیار ہوں۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف کشمیری عوام کے محسن ، ہم احسان فراموش نہیں کہ ان کومشکل وقت میں اکیلا چھوڑیں ، انشاء اللہ وو چوتھی بار بھی پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے ۔ ہم سودا بازی کرنے اور جھوٹ بولنے کیلئے نہیں بلکہ عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے آئے ہیں ۔جبوتا کے نام پر ووٹ لینے والوں نے اس علاقے کو کیا دیا آج لوگ ان کے خلاف احتجاج پر ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہو کوٹ ، پکھر، چک دھمنی، بنجونسہ میں ضمنی انتخابی مہم کے حوالہ سے منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد عزیز، سردار فاروق احمد طاہر، بیرسٹر افتخار گیلانی، کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، ممبر قانون ساز اسمبلی عامر الطاف،حاجی عبدالرشید، سردار نوید صادق، سردار مصری خان، سردار اعجاز خان، سردار خورشید خان،نسیم سرفراز، سردار افسرخان، سردار ریشم خان، سابق امیدوار اسمبلی ماسٹر شریف، سردار ارزش ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ اللہ رب العزت نے ہمیں موقع اور اختیار دیا ہم نے گپیں لگا کر اڑھائی سال نہیں گزارے ، نئے شامل ہونے والوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ نے کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا۔ آ پ کو کبھی یہ احساس نہیں ہونے دینگے ۔ دیہی علاقے کی پسماندگی دور کرینگے ، حلقہ کے شہری اور دیہی علاقوں کیلئے تعمیر وترقی کا الگ الگ پروگرام کرینگے۔

تیرہویں آئینی ترمیم کے تحت چار انتخابی حلقہ جات کا اضافہ کیا جائیگاجس میں راولاکوٹ بھی زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی بائیکاٹ کرنے والوںکی جانب سے سیاہ جھنڈے چھوڑ کر مسلم لیگ ن کا پرچم تھامنا ان کی جانب سے حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ہے ۔ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے مسائل ہر قیمت پر حل کرینگے ۔ آپ کی حمایت کے اعلان کا شکریہ اگر آپ یہ نہ بھی کرتے تب بھی یہ ہماری ذمہ داری تھی۔

آپ نے حمایت کا اعلان کر کے ہمیں مقروض بنا دیا ۔ انہوں نے کہاکہ حاجی یعقوب کی جانب سے جعلی نوٹیفکیشن ، جعلی افتتاح اور جعلی تختیاں لگانے سے عوام کے اندر ان کے خلاف شدید رد عمل پایا جاتا ہے ۔ یہاں سے وصولیاں کرکے ایمبیسی روڈ جمع کروانے والوں کو اب عوام مسترد کرینگے ۔ انہوںنے کہاکہ سردار یعقوب نے وزیر اعظم بننے کا پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے ، وہ صدر ، وزیر اعظم اور وزیر رہے بتائیں کے علاقے کیلئے کیا کیا ۔اگر ہم پچھلے پندرہ سالوں کا ازالہ نہ کر سکے تو پھر آپ ہمارا احتساب کریں ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں