قائداعظم نے انتھک محنت کے ذریعے جمہوری جدوجہد سے پاکستان حاصل کیا،راجہ فاروق حیدر

اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن )ڈٹ کر کھڑی ہے ،محمد نواز شریف پہلے سے زیادہ قوت سے واپس آئیں گے،جیلیں ،قیدیں اور زنجیریں عوام اور نواز شریف کو ایک دوسرے سے دور نہیں کر سکتیں،وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 25 دسمبر 2018 16:37

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح عظیم لیڈرتھے جنہوں نے انتھک محنت کے ذریعے جمہوری جدوجہد سے پاکستان حاصل کیا۔ محمد علی جناح بانی پاکستان تھے تو محمد نواز شریف معمار پاکستان ہیں۔ تین مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم ایٹمی پاکستان کے معمار اور موٹر وے جیسے عظیم منصوبے کے خالق پاکستان کے عوام کے حقیقی نمائندے قائد پاکستان محمد نواز شریف کو قید پر قید کی سزا سنانے کا عمل جاری ہے۔

اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ ن ڈٹ کر کھڑی ہے محمد نواز شریف پہلے سے زیادہ قوت سے واپس آئیں گے۔جیلیں ،قیدیں اور زنجیریں عوام اور نواز شریف کو ایک دوسرے سے دور نہیں کر سکتیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور معمار پاکستان محمد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر وزرا چوہدری محمد عزیزفاروق طاہر افتخارگیلانی ڈاکٹر مصطفی بشیر کرنل وقارنورعبدالخالق وصی ملک ذولفقابھی موجود تھے جبک مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر دونوں عظیم رہنماوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔وزیراعظم نے کہا جیلیں سیاسی رہنماوں کا زیور ہوتی ہیں ہم نہ پہلے ڈرے نہ اب جھکیں گے عوام کے حق حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا حضرت قائداعظم نے فرمایا تھا پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت زیر نہیں کر سکتی اس عظیم۔قوم کو کوئی ہرا نہیں سکتا معمار پاکستان محمد نواز شریف نے بانی پاکستان کے قول کو سچ کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب محمد نواز شریف کے سپاہی ہیں کل بھی نواز شریف کے ساتھ تھے ،آج بھی نواز شریف کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی نواز شریف کے ساتھ رہیں گے۔انہوں نے کہا میں نے تو وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران صاف الفاظ میں کہہ دیا تھا بطور وزیراعظم آپ کا احترام ہے پر میرے قائد اور لیڈر محمد نواز شریف ہیں۔انہوں نے کہا جس طرح حضرت قائداعظم نے فرمایا تھا مومن کبھی مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتا آپ نے بھی گھبرانا نہیں ہے یہ جعلی سزائیں نہ پہلے نواز شریف کا کچھ بگاڑ سکی تھیں نہ اب بگاڑ سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم برصغیر کی تاریخ کے منفرد سیاستدان تھے پوری ریاست جموں کشمیر کے لوگ قائداعظم کے ساتھ کیے گئے عہد پرآج تک کاربند ہیں۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ قائداعظم نے شیخ عبداللہ کو کہا تھا کہ کانگرس کا اعتبارنہ کرنا وہ دھوکہ دیگی،واقعات نے ثابت کیا کہ ان کی بات سچ نکلی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام قائداعظم کے پاکستان میں شامل ہونے کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے پاکستان بنایا۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے قائداعظم کے پاکستان کوایٹمی قوت بنایا۔وزیراعظم نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ مشکل وقت میں اپنی قیادت کے ساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف کی کشمیری عوام اورآزادکشمیر کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر کارکنوں نے جیوے نواز شریف اور جیوے فاروق حیدر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں